یو اے ای کے اعلیٰ حکا م اور پاکستانی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں مفید رہیں
ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری وبقائے باہمی عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان سے وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ملاقات
ابوظہبی چیمبر آف کامرس، پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی، پاکستان بزنس کونسل دبئی کے عہدیداروں سے باہمی روابط پر بات چیت
دبئی (طاہر منیر طاہر) وزیراعظم پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے وزیربرائے رواداری وبقائے باہمی عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان سےاہم ملاقات کے علاوہ مختلف تجارتی وفود جس میں ابوظہبی چیمبر آف کامرس،پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی/ پاکستان بزنس کونسل دبئی سے انتہائی مفید ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری وبقائے باہمی عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطے مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو،ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا۔
عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے وزیر اعظم کو دنیا بھر میں رواداری اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار کے فروغ کے لیے ان کی حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ شیخ نہیان بن مبارک نے پاکستانی کمیونٹی کی لگن اور محنت کی تعریف کی جو متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی تعلقات کی تعریف کی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور سیاحت سمیت تمام سطحوں اور شعبوں میں موجودہ دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے عزت مآب نہیان بن مبارک آل نہیان کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں اپنے کاروباری معاملات کو چلانے میں پاکستانی عوام پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے انہیں توانائی، ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم محمّد شہباز شریف سے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے ایک وفد نے ابو ظہبی میں ملاقات کی، وزیراعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی بزنس مین اپنی محنت اور تجربے کو بروے کار لاتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے انکی ملاقاتیں کامیاب رہیں، انہوں نے مزید کہا کہ انکا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا، انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے توقع سے بڑھ کر اعلانات کیے۔
وزیراعظم نے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی،رئیل اسٹیٹ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،متبادل توانائی،فوڈ پراسیسنگ،سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور بزنس مین حضرات کو تمام تر سہولیات دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،وزیراعظم شہباز شریف سےملاقات کرنے والوں میں پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل کے صدر ڈاکٹرقیصرانیس، چوہدری محمدصدیق، محمد زمان خان، میاں امجدجاوید، شامل تھے۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وفد نے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین جناب عبداللہ محمد المزروعی نے کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یو اے ای کے ایک اہم چیمبر آف کامرس سے مل کر خوشی ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ابوظہبی چیمبر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پرخوشی کااظہارکیا کہ ابوظہبی چیمبر میں پاکستانی ممبران بھی شامل تھے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ پاکستانی تاجروں میں سے ایک اس معزز چیمبر کا بورڈ ممبر رہا جو اس حقیقت کا مظہر تھا کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کی قیادت کے وژن اور دانشمندی نے مختصر عرصے میں متحدہ عرب امارات کو اقتصادی اور سیاحت کا مرکز بنانے کے قابل بنایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دی جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور عوام سے عوام کے رابطوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے متحدہ عرب امارات کو پڑوس میں واقع ہونے کی وجہ سے ایک اہم سٹریٹجک اور اقتصادی شراکت دار سمجھا، جو خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشترکہ سماجی و اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چیمبر ٹو چیمبر تعاون کو بڑھانے کی ضرورت تھی اور ہم پاکستانی چیمبرز پر زور دیں گے کہ وہ ابوظہبی چیمبر تک پہنچیں اور ئئے روابط استوار کریں۔ وزیر اعظم نے ابوظہبی چیمبر کے اراکین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے بہترین مواقع کا تجربہ کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کو متحدہ عرب امارات بھیجنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے اراکین نے پاکستان میں کاروبار کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایئر عربیہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل العلی نے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے ایوی ایشن اور ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔