جاپان میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے سفارتخانہ پاکستان میں خصوصی تقریب کا انعقاد
ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے سفارتخانہ پاکستان میں جاپانی میڈیا کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کی۔
اس تقریب میں جاپان کے اہم ترین میڈیا اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جاپانی میڈیا نمائندگان کو پاکستان کے خوبصورت علاقوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے جاپانی میڈیا کو پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے موجود مواقع کے حوالے سے بریف اور حقائق سے آگاہ کیا۔پاکستانی سفیر نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات کی ۔
اس موقع پر جاپانی میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں ایسے مظالم معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جا رہے ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
رضا بشیر تارڑ نے جاپان سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر جاپان میں تعینات ہونے والے پاکستان کے ڈیفنس اتاشی ایئر کموڈور یاسر شفیق ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان دہشت گردی کو روکنے کے لیے فرنٹ لائن کی جنگ لڑ رہا ہے اور جانی اور مالی قربانیاں بھی دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پیچھے ہٹ جائے تو پوری دنیا میں یہ پھیل سکتی ہے یہی وجہ ہے کہ جاپان سمیت پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے اور یقین ہے کہ پاکستان یہ جنگ جیت کر رہے گا۔