متحدہ عرب امارات میں مقیم تحریکِ انصاف کے چاہنے والوں کی طرف سے لاہور کے کامیاب جلسے پر عوام کو مبارکباد
25 مارچ کا جلسہ حقیقی آزادی کا ایک ریفرینڈم تھا، عمران خان جیسا لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے
ہر عمر اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے باہر نکل کرعمران خان کو یقین دلایا کہ قوم غلامی سے چھٹکارا چاہتی ہے
حکمرانوں کے پاس کوئی پلان نہیں، تحریک انصاف نے پاکستان کی بحالی کا روڈ میپ دیا
عمران خان کا 10 نکاتی پروگرام پاکستان کو معاشی بحران سے نکالے گا
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان اور تحریکِ انصاف کے چاہنے والوں کی طرف سے لاہورمیں ہونے والے جلسے کوکامیاب قراردیا گیا ہے اور جلسہ کو کامیاب بنانے پر عوام الناس کو مبارک باد دی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف، متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں ملک یاسر امتیاز اعوان، شاہد خان، محمد ثقلین مہرو، عرفان افسر اعوان، چودھری جاوید اقبال، حمیرا نسیم اور سعدیہ طارق نے کہا ہے کہ با شعور عوام ہی قوموں کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
اپنے حق کے لیے آ واز اٹھانا ہر فرد کا قانونی حق ہے۔ عمران خان جیسا لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے ۔ اس کے ساتھ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کی گواہی ہے کہ قوم متحد ہو کر حالات سے نبرد آ زما ہونے کے لیے تیار ہے، تاریخ کے بدترین کریک ڈاؤن، گرفتاریوں، بندشوں اور خود ساختہ سیکورٹی الرٹ کے باوجود لاکھوں عوام نے کل جلسہ گاہ میں پہنچ کر موروثی سیاستدانوں اورانکے سہولت کاروں کےنام اپنا احتجاجی پیغام ریکارڈ کرایا۔
بچوں ،بڑوں، بزرگوں، خواتین اور ہر مکتبہ فکرکے لوگوں نے مینار پاکستان پہنچ کر حقیقی آزادی کی جدوجہد کے لیے اپنے مضبوط عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا اور عمران خان کو یقین دلایا کہ قوم غلامی سے چھٹکارا چاہتی ہے، عمران خان نے 10نکاتی فارمولا بھی پیش کیا کہ کیسے وہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کریں گے،جبکہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل ہی نہیں اور وہ مسلسل معیشت کو دلدل میں دھکیل رہی ہے، جبکہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل آئین کے مطابق انتخابات ہی ہیں۔
عمران خان مقدمات کی سنچری مکمل کر چکے ہیں جو 150 سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ عمران خان کو دہشت گردی کے 40 مقدمات کا سامنا ہے۔ لیکن وہ مرد آہن تمام تر سخت حالات کا جوان مردی سے مقابلہ کر رہا ہے، جس پر پاکستان کے عوام اس سے خوش ہیں، حکمرانوں کے پاس پاکستان کی ترقی کا کوئی پلان نہیں جبکہ تحریک انصاف کے پاس پاکستان کی بحالی کا روڈ میپ موجود ہے۔
ہم خوشحال اور انصاف پسند پاکستان کے لیے عمران خان کی قیادت اور ان کے وژن کے ساتھ کھڑے ہیں، اور جب تک ہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کر لیتے، ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ پی ٹی آئی کے متذکرہ رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آنے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے۔