کانفرنس میں ماہرین اور فنکاروں پر مشتمل پاکستانی وفد کی بھی شرکت
کوالالمپور(محمدوقارخان)ینگ بدھسٹ ایسوسی ایشن آف ملائیشیا (YBAM) کی جانب سے 25مارچ 2023کو کوالالمپور،ملائیشیا میں ورلڈ بدھسٹ کانفرنس 2023کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس میں ماہرین اور فنکاروں پر مشتمل پاکستانی وفد نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے موقع پر ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بدھ مت کے بھرپور ورثے اور پاکستان کی تاریخ کو پینٹنگز، مجسموں اور تصاویر کی شکل میں دکھایا گیا، تقریب کے لیے خاص طور پر تیار کیے گئے فن پاروں اور دستکاری کے شاہکاروں کو حاضرین نے خوب سراہا ۔

دو روزہ کانفرنس میں بھارت، سری لنکا ، امریکہ، کینیڈا، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت مختلف ممالک کے شرکاء اور وفود نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان میں موجود گنداھار تہذیب کو بہت سراہا گیا۔
منتظمین نے کہا کہ پاکستان بدھ مت کے عظیم ورثے کا قابل فخر محافظ ہے۔ گندھارا تہذیب کے آثار قدیمہ کی ثقافتی باقیات جو 2000سال سے زیادہ پرانی ہیں اور تقریباً پورے پاکستان میں جگہ جگہ پھیلی ہوئی ہیں جو اپنے انفرادی شان و شوکت سے زائرین کو حیران کر دیتی ہیں ۔

YBAM کے ایک وفد نے مارچ 2022میں بدھ مت پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا خصوصی دورہ کیا جس سے پاکستان سے گندھارا آرٹ کو ملائیشیا لانے کے لیے ایک نیا در کھولنے کی راہ ہموار ہوئی ۔ برادر ممالک کے درمیان مستقبل میں دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ گندھارا آرٹ اور مذید تاریخی تہذیبی ورثے کی نمائش متوقع ہے ۔