نیویارک(ویب ڈیسک)امریکہ نے سیاحتی اور بغیر پٹیشن پر مبنی نان امیگرنٹ ویزوں کی درخواست فیس میں 30 مئی سے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30مئی 2023 سے امریکہ کے سیاحتی اور بغیر پٹیشن پر مبنی نان امیگرنٹ ویزوں کی درخواست فیس 160 ڈالر سے بڑھا کر 185 ڈالر کی جارہی ہے۔
پاکستانی روپے کی موجودہ قیمت کے مطابق امریکی ویزے کی درخواست کی نئی فیس 52 ہزار 836 روپے بنتی ہے۔
اس علاوہ امریکی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے پٹیشن کی بنیاد پر جمع کی جانے والی ویزہ درخواستوں کی ویزہ فیس 190 ڈالر سے بڑھا کر 205 ڈالر کی جا رہی ہے جو کہ پاکستانی کرنسی میں 58 ہزار 552 روپے بنتی ہے۔
اس کے علاوہ 30 مئی سے امریکی الیکٹرانک ویزہ کی فیس بھی 205 ڈالر سے بڑھا کر 315 ڈالر ہوجائے گی جو کہ پاکستانی کرنسی میں 89 ہزار 970 روپے بنتی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے انسٹاگرام پوسٹ میں ویزہ کے خواہش مند افراد کو مزید بتایا کہ ہم امریکی معیشت میں بین الاقوامی سفر کے کلیدی کردار کی قدر کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ویزہ فیس کا تعین فراہم کردہ خدمات کی لاگت کے سالانہ جائزے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔