پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات نے "یوم تکبیر” کی سلور جوبلی دبئی میں منائی

0

28 مئی 1998 کو کئے گئے پانچ ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنا دیا

ایٹمی دھماکوں سے پہلے پاکستان کو آنکھیں دکھانے والا بھارت خود آنکھیں چھپانے لگا

پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ڈاکٹر عبدا لقدیر خان، ان کی ٹیم اور محمد نواز شریف کو جاتا ہے

دبئی (طاہر منیر طاہر) "یوم تکبیر” کی سلور جوبلی 28 مئی 2023 کوپاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات کے زیر اہتمام دبئی میں منائی گئی، جس کا اہتمام پی ایم ایل این وومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر نے کیا۔

یوم تکبیر کی تقریب میں پی ایم ایل این وومن ونگ کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ نسیم، پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے سینئر نائب صدر میاں غلام محی الدین، شیخ شعور قدوس، شیخ ایم پرویز، پی ایم ایل این کی خواتین اوردیگرکارکنوں نے شرکت کی۔

"یوم تکبیر” کی سلور جوبلی کے موقع پر کیک کاٹے گئے، ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی اور خوشیوں کا اظہار کیا گیا،شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ھوئے فرزانہ کوثر، میاں غلام محی الدین، شیخ شعور قدوس اور شیخ ایم پرویز نے کہا کہ ایٹمی دھماکے محمد نواز شریف کا عظیم کارنامہ ہیں۔

ایٹمی دھماکوں سے قبل امریکی حکومت اور دنیا کے دیگر ممالک کا شدید دباؤ تھا کہ دھماکے نہ کئے جائیں لیکن محمد نواز شریف نے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ھوئے انتہائی جرأت کا مظاہرہ کیا اور ایٹمی دھماکوں کی اجازت دیدی۔

ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیراور ان کی ٹیم نے اوپر تلے چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹم بردار ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا، اس وقت پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور واحد جبکہ پوری دنیا میں ساتواں ایٹمی ملک ہے۔

پاکستان کو ایٹم بردار ملک بنانے پر ہم الله تعا لیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرنے پر محمد نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، متذکرہ مقررین نے مزید کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے پہلے پاکستان کو آنکھیں دکھانے والا بھارت خود آنکھیں چھپانے لگا، بات بات پر پاکستان کو ہراساں کرنے والا بھارت بھیگی بلی بن گیا۔

اس وقت پاکستان برابر کی سطح بھارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے، ہمارا ایٹمی نظام اور ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے جسے کوئی خطرہ نہیں اور اس کا سارا کریڈٹ ہماری پاک فوج کو جاتا ہے۔

مقررین نے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانی دل و جا ن سے پاکستان کے ساتھ ہیں، ہم اپنے پیارے ملک سے دور ضرور ہیں لیکن ہمارے دل اپنے ہموطنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!