پاکستان ہمارے لئے عطیہ و نعمت خداوندی ہے، ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہیے

0

ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالامال ہے، ان وسائل سے استفادہ ضروری ہے

سیاسی عدم استحکام ملکی ترقی میں حائل ہے، اسے مستحکم ہونا چاہیے

سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور خان کی ملک یاسرامتیازاعوان کی طرف سے دیے گئے عشائیہ میں بات چیت

دبئی (طاہر منیر طاہر) سابق صوبائی وزیر، سابق ایم ڈی پاکستان ٹورازم اور روزنامہ نوائے وقت کے کالم نگارچودھری عبدالغفور خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں سیاسی عدم استحکام ملکی ترقی میں حائل ہے اسے مستحکم ہونا چاہیے تا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے۔

پاکستان جب بھی ترقی کی طرف گامزن ہوا ہمارے سیاست دانوں نے ذاتی مفادات اور ذاتی اناؤں کی خاطر جمہوری حکومتوں کوخود گرا دیا جس سے براہ راست نقصان پاکستان اور اہل پاکستان کا ہوا، آج ملک کی موجودہ صورت حال بھی سیاست دانوں کی ہی پیدا کردہ ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر چودھری عبدالغفور خان نے دبئی میں ملک یاسرامتیازاعوان کی طرف سے دیے گئے عشائیہ میں کیا، اس موقع پر اسد عباسی، مسٹرندیم اور ولی جان بھی موجود تھے۔

چودھری عبدالغفور خان نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے عطیہ و نعمت خداوندی ہے، ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہیے، ہر پاکستانی خواہ وہ پاکستان میں رہتا ہو یا بسلسلہ روزگار بیرون ملک مقیم ہو اسے پاکستان کی سالمیت، ترقی اور استحکام کے لئے کام کرنا چاہیے۔

ووٹ دیتے وقت صحیح امیدوار کا انتخاب کریں تا کہ ملکی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے، آپکا ووٹ قیمتی امانت ہے جسے اہل لوگوں کے سپرد کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالامال ہے ان وسائل سے استفادہ ضروری ہے، اگر ہم صحیح طریقے سے قدرتی وسائل کا ہی استعمال کر لیں تو پاکستان کے سا رے قرضے بہت جلد اتر سکتے ہیں جس سے پاکستان میں خوشحالی کا انقلاب آ سکتا ہے۔

چودھری عبدالغفور خان نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے لیکن ملک میں جابز نہ ملنے کی وجہ سے زیادہ تر ہنر مند اور پڑھے لکھے لوگ بیرون ملک جا رہے ہیں، ایسے پڑھے لکھے اور ہنر مند لوگوں کے لیے ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ ان سے پاکستان بھی مستفید ہو سکے۔

عشائیہ تقریب کے آخر میں چودھری عبدالغفور خان نے اپنے میزبان ملک یاسرامتیازاعوان کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!