ہم سب کو متحد ہو کر ملک کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے:ماجد لودھی، ناظم الاموربرائے سفارتخانہ پاکستان برلن
پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان برلن میں تقریب کا اہتمام
برلن (رپورٹ:مہوش ظفر) پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان برلن میں سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے کی دھن پر سفارتخانہ کے ناظم الامور ماجد لودھی نے پاکستان کا پرچم لہرایا۔
سفارتخانے کے افسران نے صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔
ناظم الامور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے نقش قدم کی پیروی کرنی چاہیے جنہوں نے بے شمار چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک نوزائیدہ ریاست کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور بین الاقوامی برادری کا فعال رکن بنانے کے لیے پوری لگن کے ساتھ کام کیا ۔آج ہم پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے لوگوں اور آنے والی نسلوں کے لیے اسے اور بھی بہتر، پرامن اور خوشحال جگہ بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کردہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی اقدار کے ساتھ قوم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں اور فتوحات پا سکتی ہے۔انھوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اور تمام سیاسی، نسلی اور سماجی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے متحد رہیں۔
انہوں نے جرمنی کی حکومت اور عوام کا خصوصی طور پر پاکستان کو دی جانے والی اس امداد پر شکریہ بھی ادا کیا جو جرمنی کی جانب سے گزشتہ سال پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد بروقت ممکن بنائی گئی ۔
تقریب میں مقامی جرمنوں اور جرمنی میں مقیم پاکستانی دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اور خوشی کے اس موقع پر سب نے مل کر کیک بھی کاٹا۔