کویت میں پاکستان سے آئے ہوئے گلوکاروں نے آزادی کے جشن کو دوبالا کردیا، پاکستان کے ہر صوبے کی موسیقی کو دلکش انداز میں پیش کیا!
کویت(رپورٹ:محمد عرفان شفیق) کویت میں سفارتخانہ پاکستان کی زیرسرپرستی، گرینڈ پرل جنرل ٹریڈنگ کے زیر اہتمام کویت اور پاکستان کے 60 سالہ سفارتی تعلقات اور یوم آزادی کے موقع پر آزادی کے جشن کو دوبالا کرنے کے لیے پاکستان سے آئے ہوئے گلوکاروں کے سنگ موسیقی کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں شان خان اور یمسہ نور نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی اور موسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔
گلوکاروں نے پاکستان کی ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کرتے ہوئے پنجابی، پشتو، سرائیکی ہر زبان میں اپنی گلوکاری کا جادو جگایا۔ شان خان نے جب اپنا مشہور نغمہ ’تم چلے آو پہاڑوں کی قسم‘ گانا پیش کیا تو ہال میں موجود افراد محظوظ ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
پروگرام کی میزبانی کے فرائض معروف اینکر عاصمہ اقبال اور فہد شاہ نے ادا کیے۔ پروگرام میں مقامی گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں حاضرین کو دلکش انعامات دیے گئے۔
اس موقع پر پروگرام کے میزبان شمشاد خان تنولی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
کویت میں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستانی ثقافت کا دنیا بھر میں اپنا ایک اعلیٰ مقام ہے اور سفارتخانہ پاکستان ہر وقت اپنی کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان و دیگرشرکاء نے آزادی کا کیک بھی کاٹا۔