ریاض (وقار نسیم وامق) میاں محمد نوازشریف کے پولیٹکل سیکرٹری حنیف خان کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سینئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا جس میں دیگر عہدیداروں اور ممبران نے شرکت کی اور میاں محمد نوازشریف سے اظہار یکجہتی کیا ۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکاء نے میاں محمد نوازشریف کے پولیٹکل سیکرٹری کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ سعودی عرب بھر میں مسلم لیگ ن کے لاکھوں ورکرز موجود ہیں جن کو متحرک اور منظم بنایا جا رہا ہے تاکہ آئندہ الیکشن میں وہ پارٹی کا بھرپور انداز میں ساتھ دے سکیں۔
ظہرانے سے مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے کو آرڈینیٹر شیخ سعید احمد اور محمود الحق ڈوگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اس وقت پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اندرون ملک اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں میں میاں نوازشریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور عوام سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو تمام تر چیلنجز سے نکال سکتی ہیں۔
اس موقع پر حنیف خان کی جانب سے تمام عہدیداروں اور ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب نوازشریف کی قیادت میں ملک ایک بار پھر سے ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔