میاں نواز شریف سےمسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی اہم ملاقات

0

ریاض (وقار نسیم وامق) مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد نے لندن میں قائدِ مسلم لیگ (ن) میاں نوازشریف سے ون آن ون ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک سے ورکرز کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد نے مسلم لیگ ن انٹرنیشنل آفیئرز کے صدر اسحاق ڈار، نائب صدر اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل آفیئرز بیرسٹر امجد ملک کے ہمراہ میاں نوازشریف سے لندن میں ملاقات کی، اس موقع پر سرپرست اعلیٰ سویڈن اسد ایاز بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چیپٹر کی کارکردگی اور پراگریس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہو ئی ، شیخ سعید نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور میاں نواز شریف سے تاجر ونگ کے قیام کی منظوری لی گئی۔

میاں نواز شریف نے سعید شیخ اور مسلم لیگ ن سعودی عرب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سعودی عرب کے یوم الوطنی کے موقع پر سعودی قیادت اور سعودی شہریوں کو مبارکباد دی اور دونوں ملکوں کے شہریوں کیلئے خصوصی دعا کی۔

سعید شیخ نے کہا کہ قائد محترم کا پاکستان جانا پاکستان کے لئے ایک خوشی کی نوید ہے اور مسلم لیگ ن سعودی عرب بڑھ چڑھ کر انکی واپسی کی تیاریوں کا حصہ بنے گا۔

ملاقات کے دوران شیخ سعید نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی میاں نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہیں اور شدت سے منتظر ہیں کہ میاں نواز شریف وطن واپس پہنچیں تاکہ پاکستان آج جن سنگین مسائل سے دوچار ہے ان سے ملک کو باہر نکالا جائے۔

شیخ سعید احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 21 اکتوبر کو سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک سے ورکرز کی بڑی تعداد پاکستان پہنچے گی اور میاں نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کرے گی جبکہ آئندہ الیکشن میں بھی اوورسیز پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

شیخ سعید نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی طرف سے قائد محترم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!