ریاض انٹرنیشنل بک فیئر میں ڈاکٹر خالد عباس کی کتاب "محمد اقبال – قصائد مختارہ و دراسات” توجہ کا مرکز

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی معروف کنگ سعود یونیورسٹی کے وسیع و عریض علاقے میں عالمی کتاب میلے Riyadh International Book Fair کا آغاز ہوگیا جو کہ 28 ستمبر سے 7 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے تقریباً 2000 سے زائد پبلشرز اور تقسیم کار ادارے شرکت کر رہے ہیں جبکہ کتاب سے وابستہ لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ھے۔

اس عالمی کتاب میلے میں جہاں دنیا بھر سے لاکھوں کتابیں موجود ہیں وہیں مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے دریائے نیل کے کنارے واقع معروف مدبولی پبلشرز کی جانب سے افکارِ اقبال پر مشتمل عربی زبان میں ایک منفرد کتاب”محمد اقبال – قصائد مختارہ و دراسات” کے عنوان سے شائقین کتب اور عاشقانِ اقبال کی توجہ کا مرکز ھے جس کا اولین ایڈیشن مدبولی پبلشرز نے 1981 میں شائع کیا، سالہا سال کتاب کے کئی ایڈیشن شائع ہوتے رہے اور آج چار دہائیاں گزر جانے کے بعد 2023 میں اس کتاب کا تازہ ترین ایڈیشن شائع کیا گیا ھے جو کہ عرب دنیا میں اس کتاب کی اہمیت اور مقبولیت کی واضح دلیل ھے۔

شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال سے متعلق اس کتاب کے مصنف شہرِ مدینة الرسولﷺ مدینہ منورہ میں مقیم باکمال پاکستانی ادیب، شاعر، محقق اور ماہرِ اقبالیات جناب ڈاکٹر خالد عباس الاسدی ہیں، کتاب کا مقدمہ مصر میں تعینات سفیرِ پاکستان ساجد بلال نے تحریر کیا ھے۔

اس کتاب میں مصنف ڈاکٹر خالد عباس اسدی اور عرب دنیا کے معروف ترین اسکالرز توفیق الحکیم، فاروق شوشہ، عاطف العراقی، محمد جمال جعفر، حسین مجیب المصری، عبدالودود شلبی، جمال الدین محمود اور محمد شلبی کے قابلِ قدر مضامین شامل ہیں، اس کتاب میں علامہ اقبال کا منتخب کلام عرب دنیا کے مشہور و معروف قلمکاروں عبدالوهاب عزام اور الصاوی شعلان کے عربی ترجمہ کے ساتھ شامل ھے جس میں حدیث الروح، فاتحة دیوان أسرار خودی اور آیة الحق وجود مسلمِ دعاء نمایاں ترین ہیں۔

ریاض میں جاری عالمی کتاب میلے میں مدبولی پبلشرز کے روح رواں جناب محمود مدبولی نے خاص طور پر ڈاکٹر خالد عباس الاسدی کی اس تاریخ ساز کاوش کو بے حد سراہا اور اسے اہلِ عرب کے لئے ایک گراں قدر سرمایہ قرار دیا۔

افکارِ اقبال کا سفر ذہن در ذہن جاری و ساری ھے، فکرِ اقبال کے نمائندگان اپنی سعی میں مصروفِ عمل ہیں اور کلامِ اقبال کو لے کر آج بھی دنیا بھر میں پیغامِ اقبال کو پھیلا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!