بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، ڈاکٹر مہاتیر محمد

0

ہم عالمی قوانین کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے ان کے شانہ بشانہ ہیں،سفیر پاکستان سید احسن رضا شاہ

پاکستانی ہائی کمیشن کے زیراہتمام "یوم سیاہ ” کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

کوالا لمپور(محمد وقار خان)ملائشیاء کے سابقہ وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی معصوم عوام پر بھارتی جبر و تسلط کا سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے اوردنیا بے بسی سے دیکھ رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح اسرائیل ، فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ اسی طرح بھارت ، مقبوضہ کشمیر میں بھی اسی پالیسی پر کار بند ہے اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔

چار سال قبل آج ہی کے دن بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے لاکھوں بھارتی فوجیوں کے ذریعے کشمیری عوام کا محاصرہ کیا ۔ اپنے ویڈیو بیان میں کشمیری عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آپ کا دکھ اور درد محسوس کرتے ہیں اور آپ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ آپ کو ظلم سے نجات دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے زیراہتمام "یوم سیاہ ” کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار پہ اپنے خصوصی ویڈیو بیان میں کیا ۔

یوم سیاہ کی تقریب میں مہمانوں میں سے ملائشیاء کے معروف سکالر استاد محمد اظمی عبدالحمید (صدر MAPIM ) جمال الدین شمس الدین (CEO ACCIN) اور پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی مظالم کی مذمت کی اور سکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔

سفیر پاکستان سید احسن رضا شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مہاتیر محمد، عظمی عبد الحمید اور دیگر مقررین کی کشمیر کے لیے خدمات کو سراہا اور پاکستان کی طرف سے پیغام دیا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عالمی قوانین کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہیں ۔

اس موقع پر یوم سیاہ کی مناسبت سے ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی ۔ تقریب میں کثیر تعداد میں پاکستانی کمیونٹی، ملائشین NGOs کے نمائندوں طلباء اور ملائشین کمیونٹی نے شرکت کی ۔تقریب کے دوران کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

(Malaysian Consultative of Islamic NGOs (MAPIM کے نمائندہ وفد نے صدر MAPIM استاد محمد عظمی عبدالحمید کی زیر قیادت ملائشیاء کی دیگر NGOs کے اشتراک سے ملائیشیاء میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یاداشت بھی جمع کروائی جس میں سکیورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!