حلقہء فکروفن کے زیراہتمام یومِ اقبال کے حوالہ سےتقریب کا انعقاد، پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کی جانب سے یوم اقبال کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار اور شاعری کے حوالے سے اظہار خیال کیا یوم اقبال کی تقریب کی صدارت حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے لئے ڈاکٹر حافظ محمد زید ملک کو مدعو کیا گیا تھا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حافظ زید ملک نے شرکاء سے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے پیغام خودی کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ علامہ اقبال کی شاعری انسان کو انسان کی پہچان کرواتی ہے اور خود کو پہچاننے کی جستجو کو بیدار کرتی ہے علامہ اقبال نے مسلمانوں کو جہاں ایک الگ ملک بنانے کے لئے بیدار کیا وہیں مسلمانوں کو اپنے تابناک ماضی کی طرز پر مستقبل کو بھی درخشاں بنانے کی جانب راغب کیا ہے ۔

علامہ اقبال نے ہمیں کسی قبیلے، کسی قوم سے کہیں بڑھ کر ایک مسلمان بننے کی تلقین کی ہے اور کہا ہے کہ علاقہ پرستی، نسل پرستی اورلسانی بتوں کو توڑ دینا ہی مناسب ہے کیونکہ یہ انسانی سوچ اور اقدار کو محدود کرتی ہیں علامہ اقبال نے ہمیں ایک ایسی فکر دی ہے جس پر چل کر ہم ایک اچھے مسلمان، ایک اچھے پاکستانی اور ایک اچھے معاشرے کی جانب بڑھ سکتے ہیں ہمارے معاشرے کو اقبال کی شاعری سے درس اور ہدایت لیکر عملی زندگی میں قدم رکھنا ہوگا تاکہ ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکیں۔

حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ تاریخ پڑھتے ہیں اور کچھ تاریخ بم جاتے ہیں علامہ اقبال ہماری تاریخ کا روشن ترین باب ہیں اور ان کی شاعری ہماری آج کی نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے علامہ کی شاعری دل پر دستک دیتی ہے اور مادیت سے روحانیت جہالت سے علمیت کا سفر شروع ہوجاتا ہے آج کی ہماری نوجوان نسل علامہ کے افکار سے دور ہے اور جو قومیں اپنی نسلوں کو اپنے اسلاف کا سبق نہیں پڑھاتی وہ بصیرت سے خالی ہو جاتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ علامہ اقبال کی شاعری کو عام کیا جائے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں خود کو ستاروں پہ کمند دالنے کے لئے تیار کر سکیں۔

حلقہ فکروفن کے نائب صدر مخدوم امین تاجر نے تقریب میں سپاس نامہ پیش کیا اور بتایا کہ حلقہ فکروفن گزشتہ چالیس سال سے ادب کی ترویج کے لئے کوشاں ہے اور سعودی عرب میں سب سے پرانی تنظيم ہے جس سے نے شعراء کرام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جو ادب اور ادب شناس افراد کے لئے خصوصی محافل کا اہتمام کرتا ہے حلقہ فکروفن نے ہمیشہ اپنے قومی شاعر علامہ محمد اقبال سمیت دیگر شعراء کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف سمینار اور تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا ہے ہماری یہ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنے طور پر ادب کو بہتر انداز میں فروغ دیا جائے۔

حلقہ فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز نے جہاں تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دئیے وہیں علامہ اقبال کی شاعری سے بھی شرکاء کو پُرجوش کیے رکھا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نظر نظم پیش کی اور شاعر مشرق کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا یوم اقبال کی تقریب سے دیگر مقررین میں حافظ عبدالوحید فتح محمد، رانا عمر، ذکاءاللہ محسن، قلب عباس، طلحہ بن ظہیر، ظفر اقبال اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اورشاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!