یو اے ای کا 52 واں نیشنل ڈے پختون ویلفیئر اینڈ بزنس آرگنائزیشن کے زیراہتمام عجمان میں منایا گیا

0

دبئی (طاہر منیر طاہر) پختون ویلفیئر اینڈ بزنس آرگنائزیشن کے زیراہتمام عجمان میں امارات کے 52 ویں یوم الوطنی پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یو اے ای کی اہم علمی ادبی، سیاسی، سماجی وکاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

پختون ویلفیئر کے جنر ل سیکریٹری خلیل الرحمن بونیری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے پاکستانیوں کو جو عزت دی ہے وہ قابل تحسین ہے اور پختون ویلفیئرکے انجینئر زبیر خان، سینئر نائب صدر سلمان وصال محمد، حاجی میر حسن، عبداللہ خان اور دیگر مہمانوں نے خطاب کرتے ہوئے یواے ای کے ہر دلعزیز حکمرانوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ امارات ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم اس گھر کی حفاظت اور ملک کی ترقی کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش بروئے کار لائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مہمانوں نے کہا کہ یو اے ای کی ترقی کی ساری دنیا معترف ہےخواہش ہے کہ پاکستان میں یو اے ای جیسی ترقی وخوشحالی ہو اور ہم پاکستان اور یو اے ای کی دوستی کو مزید فعال و مضبوط اور لازوال دیکھنا چاہتے ہیں۔

پختون ویلفیئر کے زیر اہتمام تقریب میں صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ چوہدری خالد حسین، افتخار ہمدانی ، حاجی محمد نواز، چوہدری راشد بریار، عمران اسلم و دیگر نے یو اے ای میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے پختون رہنماؤں و کاروباری شخصیات اور عہدیداران میں اعزازی اسناد و شیلڈ اور تحائف تقسیم کئے۔

مہمانوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور تقریب میں فنکاروں نے شاندار فن کا مظاہر کرتے ہوئے خوب داد تحسین وصول کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!