پاکستان بزنس کونسل دبئی نے متحدہ عرب امارات کا 52 واں قومی دن منایا

0

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان بزنس کونسل نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں متحدہ عرب امارات کے 52 ویں قومی دن کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی اور شیخ مروان تھے۔

پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر محمد اقبال داؤد، ڈائریکٹرز شبیر مرچنٹ، مصطفیٰ ہیمانی، سلطان احمد اور تابانی گروپ کے چیئرمین نے مہمانوں کو گلدستے پیش کرتے ھوئے خوش آمدید کہا- اس پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد نفیس نے سرانجام دیئے۔

تقریب میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے بجائے گئے۔ نعیم رسول کے بچوں نے متحدہ عرب امارات کے قومی نغمے پر خوبصورت پرفارمنس دی اور حاضرین نے انہیں خوب سراہا۔ محمد اقبال داؤد نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بزنس کونسل کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قائد شیخ زید بن النیہان کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے 52 ویں قومی دن کے موقع پر پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور شیخ مروان نے پاکستان اور یو اے ای کی دوستی کے حوالے سے تقریر کی اور پاکستان، یو اے ای دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے، اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

تقریب کے شرکاء میں پاکستان قونصلیٹ سے رحیم اللہ خان، فواد خان، عمران شاہد، جنید احمد، اور تاجر برادری سے کامران ریاض، ظہیر احمد گجر، سید سلیم اختر، عبدالرحیم، راشد اشرف، احمد شیخانی، بلال موتی والا، عرفان احمد ریاض، محمد اعجاز، ہاجرہ نذیر، شاہد افتخار، خالد محمود، مصطفیٰ سلطان، صائمہ نعیم اور بزنس کونسل کے ڈائریکٹرزنے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔

پروگرام کے اختتام پر ہیمانی گروپ نے قرعہ اندازی کے بعد مہمانوں کو تحائف تقسیم کئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!