مسلم لیگ (ن) ملائشیا چیپٹر نے قائد اعظم محمد علی جناح اور میاں محمد نواز شریف کے یوم پیدائش کے موقع پرکیک کاٹا
تقریب کے موقع پر پی ایم ایل (ن)ملائشیا کے عہدیداران نے شرکا سے اپنے خیالات کا اظہار کیا
کوالالمپور(محمد وقار خان) مسلم لیگ (ن) ملائشیا چیپٹر نے قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے یوم پیدائش کے موقع پرکیک کاٹا اور قائد اعظم کی دوراندیشانہ قیادت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔
قائد اعظم محمد علی جناح اور میاں محمد نواز شریف کا یوم پیدائش منانے کے لیے خصوصی طور پر پاکستان سے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔تلاوت قر آن پاک اور نعت رسول مقبولؐ کے بعد مسلم لیگ نون ملائشیا چیپٹر کے مقامی عہدے داران میں سے جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن ملائشیا علی سلطان ، چیئرمین PMLNڈاکٹر مبشر ، صدر مسلم لیگ (ن) ملائشیا نثار احمد مہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی مسلمانوں کے لیے ایک الگ ملک کی ضرورت کے دور اندیشانہ فیصلے اور ان کی انتھک جدوجہد پر ہم ان کو پوری پاکستانی قوم کی طرف سے مجموعی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلنے والے مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف کے روشن وژن اور مثبت طرز سیاست پر ان کے شانہ بشانہ چلتے رہنے کا عزم کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ دونوں قائدین کے یوم پیدائش پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔
سیاست کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن ) کے عہدے داران نے بتایا کہ ماضی کے قصوں کو دہرانے کا فائدہ نہیں ، جس نے ماضی میں جو بھی کیا، اس کو بھول کر مستقبل میں پاکستان کی بہتری کے لیے ان کے ساتھ شانہ بشانہ چلنا چاہتے ہیں اور ہم سب کو پاکستان کی بہتری میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔
آخر میں پاکستان کی بہتری اور سالمیت کے لیے دعائے خیر کی گئی۔