برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) پیپلزپارٹی برلن کے زیراہتمام شہید بینظیربھٹو کی 16ویں برسی عقیدت واحترام کے ساتھ مقامی ہوٹل میں سینئر رہنماء اسماعیل قیصر کی صدارت میں منعقد کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی برلن کے سینئر رہنماؤں، اردو ادب کے پروفیسر سرور غزالی پیپلز یوتھ کے نوجوان قیادت نے شرکت کی، تقریب میں بینظیر بھٹو شہید سمیت شہید پارٹی کارکنان کے بلند درجات کے لیے دعائیں کرائی گئیں۔
اس موقع پر سینئر رہنما مجاہد شاہ اور سابق انفارمیشن سیکرٹری ظہور احمد اور نائب صدر برلن عابد حسین بلوچ نےاپنے خیالات کا اظہارکیا۔
نائب صدر عابد حسین بلوچ نے کہا کہ بینظیر بھٹو جمہوری وسیاسی جدوجہد کی روشن علامت ہیں، بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں جام شہادت نوش کیا، 27دسمبر 2007عوام کی محبوب رہنما کی شہادت کا ناقابل فراموش دن ہے۔
چیئرمین پاکستان جرمن پریس کلب و سابق انفارمیشن سیکریٹری ظہور احمد نے بی بی کے 16ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا تدبر اور فلسفہ مفاہمت دنیا کی مشترکہ میراث ہے،دختر مشرق کا میراث ملکی و عالمی سیاسی مشکلات کے متعلق قابل عمل لائحہ عمل بھی ہے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں شہیدبے نظیربھٹوکی عظیم قربانی کوسلام پیش کیا،تقریب کے اختتام پر بینظیر بھٹو کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔