بیجنگ (ویب ڈیسک) چین یورپی یونین فنانشل ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس بیجنگ میں منعقد ہوا، چین یورپی یونین فنانشل ورکنگ گروپ 10 ویں چین-یورپی یونین اعلی سطحی اقتصادی اور تجارتی ڈائیلاگ کے رہنماؤں کے اتفاق رائے کے مطابق قائم کردہ تعاون کا میکانزم ہے، جس کا مقصد مالیاتی شعبے میں چین-یورپی یونین کے تبادلوں کو گہرا کرنا اور باہمی مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
بدھ کے روز چینی میڈ یا گروپ کے مطا بق دونوں فریقوں کے مالیاتی حکام نے میکرو اکنامک اور مالیاتی استحکام کی صورتحال نیز چین اور یورپی یونین کے درمیان مالیاتی ریگولیٹری فریم ورک متعارف کرایا ، اور بینکوں ، انشورنس اور مالیاتی لیزنگ اداروں کے لئے مارکیٹ تک رسائی ، انسداد منی لانڈرنگ تعاون اور دیگر مالیاتی نگرانی تعاون کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے کیپٹل مارکیٹ کی تعمیر، پائیدار فنانس، سرحد پار ڈیٹا ٹرانسمیشن اور سرحد پار ادائیگی جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے چین یورپی یونین فنانشل ورکنگ گروپ کے دوسرے اجلاس سے قبل متعدد اہم امور پر زور دینے پر اتفاق کیا تاکہ ابتدائی نتائج حاصل کیے جاسکیں۔