دعوتِ اسلامی سویڈن کے زیرِاہتمام سویڈن میں سالانہ افطار ڈنراور اسلامک سینٹر کے قیام کیلئے خصوصی بیٹھک

0

مالمو (نمائندہ خصوصی) دعوتِ اسلامی سویڈن کے زیرِ اہتمام سالانہ افطار ڈنر کا اہتما م مالمو شہر میں کیا گیا جہاں مظلوم فلسطینیوں کی امداد کے حوالے سے خصوصی رپورٹ سمیت دعوتِ اسلامی کے دنیا بھر میں فلاحی کاموں کی تفصیل کمیونٹی رہنماؤں کو پیش کی گئی، افطار ڈنر کے بعد خصوصی بیٹھک کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے اسلامک سینٹر کے قیام کے حوالے سےتبادلہ خیال کیا گیا۔

یوں تو سال بھر دعوتِ اسلامی سویڈن کے بڑے شہروں میں مذہبی تقریبات کا انعقاد کرتی ہےمگر اس بار انتظامیہ کی جانب سے سالانہ افطار ڈنر کا انعقاد کیاگیا ، پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور گلہائے عقیدت سے ہوا ، جس کے بعد ڈاکٹر شیخ محمد اعظم نے دعوتِ اسلامی کی دنیا بھر میں کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے شرکاء کو مکمل آگاہی فراہم کی، کمیونٹی رہنماؤں نے دعوتِ اسلامی کی فلسطینی عوام کی مدد کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد سراہا۔

افطار ڈنر کے بعد دعوتِ اسلامی کے مرکز میں ایک خصوصی بیٹھک کا انعقاد کیا گیا جس میں سویڈن کی سماجی، مذہبی، سیاسی و صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی جن میں پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ سے زبیر حسین، لونڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اشفاق، پاکستان کلچرل سوسائٹی سویڈ ن کے صدرعامر جنجوعہ، گیارہویں شریف سے راجہ عاطف شہزاد، پاک اسکانے بزنس کونسل کے صدر خرم خان، سید شہباز، وقاص ظفر اور فرخ کامران سمیت شہر کی دیگر سرکردہ شخصیات شامل تھیں۔

دعوتِ اسلامی سویڈن کے نگراں ارشد عطاری نے کمیونٹی نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر دعوتِ اسلامی سویڈن کی انتظامیہ نے فیصلہ لیا ہے کہ ایک کمیونٹی کے لئے ایک جامعہ اسلامک سینٹر قائم کیا جائے ، جس پر شرکاء نے ان کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

زبیر حسین نے اپنے ادارے کی جانب سے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے شرکا ء سے درخواست کی اسلامک سینٹر کے قیام کے لئے جو شخص وقت دے سکتا ہے وہ اپنا وقت دے، جو اداروں کی تشکیل میں قابلیت رکھتا ہے وہ اپنی خدمات کے ذریعے تعاون کرے اور مخیر حضرات مالی طور پر مدد د کریں کیونکہ ادارے تین چیزوں سے بنتےہیں وقت، قابلیت اور سرمایہ۔ ڈاکٹر اشفاق کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ دینی تعلیمات مادری زبان میں بچوں تک پہچانے کے لئے یقیناً ایک اسلامک سینٹر کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔

عامر خلیل جنجوعہ،خرم خان ، راجہ عاطف شہزاد، وقاص ظفر، سید شہباز، اور فرخ کامران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پلیٹ فارم قائم کیا جائے جہاں پر دینی تعلیمات کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے معاشرتی مسائل کے لئے بھی حل تلاش ہوسکیں،تقریب کے اختتام پر رضوان حسین اور ثقلین عباس نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کئی گئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!