مظفر آباد (تارکین وطن نیوز) آزاد کشمیر کی کابینہ نے اوور سیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بلا تفریق احتساب کو اولین ترجیح قرار دے دیا۔
وزیراعظم سردارعبد القیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ کابینہ نے اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے اور اس بارے میں جلد قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا۔کابینہ نے بیواؤں اور یتیموں کی مالی معاونت کےلئے ترمیمی ایکٹ کی بھی منظوری دی۔
کابینہ کو احتساب ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے قائم کمیٹی نے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کابینہ نے شادی بیاہ و دیگر سماجی تقریبات میں ون ڈش سسٹم کو رائج کرنے اور توانائی کی ضروت پوری کرنے کےلئے نیٹ میٹرنگ سسٹم کے نفاذکا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے، آزادکشمیر میں بلاتفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراحتساب کے نام پر کسی کی تذلیل یا انتقام نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیواؤں اور یتیموں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت لاوارث افراد کی بھی کفالت کرے گی ۔لاوارث افراد کی کفالت سے جرائم اور معاشرتی برائیوں میں کمی آئے گی۔