ووٹ کا حق ملنا اوورسیز پاکستانیوں کی حقیقی فتح ہے،سید طارق محمود الحسن کا دبئی میں اوورسیز کانفرنس سے خطاب
دبئی(عمر فاروق)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب مخدوم سید طارق محمود الحسن کی قیادت میں دبئی میں اوورسیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل جاننا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے حکمت عملی ترتیب دینا، اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی کے بارے بریفننگ، اوورسیز پاکستانیوں کو حکومت پاکستان کے نئے اقدامات سے آگاہ کرنا اور دیگر اوورسیز کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کو حتمی شکل دینا تھا۔
کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی تارکین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم ہائر ایجوکیشن و آئی ٹی راجہ یاسر ہمایوں، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال،ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب برائے سیاحت آصف محمود نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور وائس چیئرپرسن مخدوم سید طارق محمود کے جذبے اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی نئے اقدامات اور کاوشوں کو سراہا۔
وائس چیئرپرسن مخدوم سید طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے تمام اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔یہ اوورسیز پاکستانیوں کی حقیقی فتح ہے۔جس پر میں نوے لاکھ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وائس چیئر پرسن نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر دبئی ایکسپو میں شرکت کی ہے اور میری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنے جائیں اور اُنہیں اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے بارے آگاہی بھی دی جائے۔سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وہ تمام اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 74سال میں پہلی دفعہ انہیں ووٹ کا حق دلایا۔
انہوں نے بتایا کہ او پی سی کے قیام کو سات سال ہوچکے ہیں اور موجودہ حکومت کے تین سالوں میں کمیشن نے گیارہ ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا ہے جو کہ گزشتہ دور کے چار سالوں میں صرف 5 ہزار تھا۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ 2014 سے 2018 تک کیسز حل ہونے کی شرح 37% تھی۔2018 سے 2021 تحریک انصاف کی حکومت میں 63% ہے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا کہ 2021 میں 30 ارب ڈالرز کی ریکارڈ ترسیلات زر اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے موصول ہوئی ہیں جن میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے کیونکہ انہوں نے سال 2021 کے دوران ریکارڈ $13.77 ارب ڈالرز بھجوائے۔
اس موقع پر برطانیہ، امریکہ، یورپ، پاکستان اور مشرق وسطیٰ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں،کاروباری حضرات ،تجزیہ نگاروں اورسینئر صحافیوں نے شرکت کی۔