ملالہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ،عصر ملک نے ملالہ سے پہلی ملاقات کی یادیں شیئر کردیں

0

لندن(تارکین وطن نیوز)امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ ہوگئیں۔ ملالہ یوسفزئی کے شوہر عصر ملک نے اپنی اہلیہ سے پہلی ملاقات کے بارے میں بتا تے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یادگار تصویر بھی شیئر کردی۔

عصر ملک نے ملالہ یوسفزئی کی گریجویشن کی تقریب سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں ہم پہلی مرتبہ ملے تھے، آج وہ پہلے سے بھی زیادہ خاص لگ رہی ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ملالہ کی گریجویشن تکمیل کے موقع کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جگہ جہاں ہم پہلی بار ملے تھے، ملالہ کے گریجویشن کے دن کچھ زیادہ خاص محسوس ہوئی۔عصر ملک نے اس پیغام کے ساتھ دل کی ایموجی بھی شیئر کی۔

دریں اثنا ملالہ یوسفزئی کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تقریب کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اُن کیلئے دنیا بھرسے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ اس سال کئی وجوہات کی بنا پرخبروں میں رہیں، سب سے پہلے ووگ کے سرورق پران کی خاصی گلیمرس تصاویروائرل ہوئیں اور پھراسی میگزین کو دیے جانے والے انٹرویومیں شادی سے متعلق ملالہ کے خیالات نے سوشل میڈیا پرخاص ہنگامہ برپا کیے رکھا۔

ا بتداء میں شادی پریقین نہ رکھنے والی ملالہ نے اس انٹرویو کے 6 ماہ بعد ہی اچانک پی سی بی عہدیدارعصر ملک کے ساتھ شادی کا اعلان کرکے بھی سب کو حیرت سے دوچارکیا۔ملالہ کا نام ایک بار پھرزیرگردش ہونے کی تازہ ترین وجہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری لینا ہے، 24 سالہ گل مکئی کی ٹائم لائن مبارکباد اور نیک خواہشات سے بھرپورہے۔

ملالہ کے مداحوں نے سوات میں چائلڈ ایکٹوسٹ ہونے سے لے کر آکسفورڈ گریجویٹ بننے تک کے اس سفر کو ‘متاثر کن’ قرار دیا ہے۔ مبارکباد دینے والوں میں بالی ووڈ اسٹار دیا مرزا بھی شامل ہیں جنہوں نے ملالہ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی بھرپورخوشی کااظہارکیا۔

اگست 2017 میں آکسفورڈ میں داخلہ لینے والی ملالہ نے فلسلفہ، سیاست اور معاشیات کے مضامین میں ڈگری لی،یہی مضامین آکسفورڈ سے بینظیر بھٹو اور عمران خان نے بھی پڑھے تھے۔

ملالہ اپنی گریجویشن مکمل کرچکی ہیں تاہم باقاعدہ تقریب کا انعقاد اب ہوا ہے۔ گزشتہ سال گریجویشن کے بعد ملالہ نے اپنی ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خوشی اور شکریہ کا اظہار کرنا مشکل ہو رہا ہے میں نہیں جانتی کہ آگے کیا ہوگا۔ فی الحال نیٹ فلکس، مطالعہ اور نیند ہو گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!