کمیونٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں،رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہوا تو ہر دستیاب فورم پر آواز اٹھائوں گا،ظفر اقبال

0

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں ملک کے طول و عرض سے پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہری برطانوی پارلیمنٹ کا رکن ہونے کے لیے پنجہ آزمائی کر رہے ہیں ۔

اولڈہم ویسٹ و رائٹن سے مقامی طور پے پچھلی تین دہائیوں سے کمیونٹی کی خدمت میں مصروف عمل ماہر قانون دان ظفر اقبال اولڈہم ویسٹ و رائٹن سے بحیثیت آزاد امیدوار عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ مقامی ہال میں انکی انتخابی مہم بارے افتتاحی تقریب کا انعقاد جس میں مقامی کمیونٹی کے علاوہ مقامی کونسلروں کے آزاد گروپ کے سربراہ کونسلر کامران غفور ، کونسلرز نوید چوہان ،سالیسٹر وحید ، نائلہ ابراہیم سابق مئیر اولڈہم کونسلر شعیب اختر ، سابق مئیر جاوید اقبال ، سابق کونسلرز عرفان، محمد الیاس ،حاجی شریف، شبیر احمد ، حاجی مطلوب ،محمود،راشد ، پروفیسر تیمور شفیق کے علاوہ معروف و دیگر نے شرکت کی ۔

انتخابی مہم کی افتتاحی تقریب کی نظامت کے فرائض کونسلر وحید نے ادا کیے جبکہ مفتی اکمل نے تلاوت قرآن کریم کی بابرکت سعادت حاصل کی ۔ قرآن کی آیات بمعہ ترجمہ مولانا فیصل یعقوب نے بیان کرتے ہوئے بحیثیت انسان و مسلمان ہمیں اپنا کردار ادا کیسے کرنے کا طریقہ کار سمجھایا ۔

برطانوی پارلیمنٹ کے امیدوار ماہر قانون دان ظفر اقبال نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے مقامی سطح پر رہائش پذیر ہیں کمیونٹی کے ساتھ انتہائی قریبی رابطہ ہے انکے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں انکا کہنا تھا فلسطین غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم پر برطانیہ کی سیاسی جماعتیں لب کشائی کئے ہوئے ہیں اگر رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہوا تو میں اس پر ہر دستیاب فورم پر آواز اٹھاؤں گا ۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مقامی سطح پر لوگ غربت کا شکار اور بے روزگار ہیں اولڈہم کونسل اس بارے خاطر خواہ اقدامات اٹھانے سے قاصر ہے، اس پر توجہ کی ضرورت ہے اور جتنے بھی سیاسی جماعتوں کے امیدوار میرا حلقہ انتخاب سے رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہونے کے لیے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں وہ مقامی رہائشی نہیں انہیں مقامی آبادی کے مسائل سے آگاہی نہیں اور نہ ہی انہیں حل کروانے میں دلچسپی رکھتے ہیں لہٰذا مجھے منتخب کریں ،مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کروں گا ۔

سابق مئیر کونسلر شعیب اختر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ظفر اقبال جیسے متحرک شخص کو رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب کروائیں تاکہ ہماری آواز متعلقہ حکام بالا تک پہنچے ،غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر سب خاموش ہیں۔

اولڈہم کونسل میں آزاد اراکین پر قائم اولڈہم گروپ کے لیڈر کامران غفور نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت ظفر اقبال کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیں نئے چہرے کی ضرورت ہے جو برطانوی پارلیمنٹ میں ہماری آواز بنے ،ظفر اقبال بہترین انتخاب ہے کمیونٹی کو ملکر انہیں کامیاب کروانا چاہیے ۔ کونسلر وحید ، نوید چوہان نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا ۔

کونسلر نائلہ ابراہیم نے کہا کہ غزہ کے مسئلہ پر ہمارے برطانوی ارکان نے مایوس کن کردار ادا کیا، ہمیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے شخص کو رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب کروائیں جو پارلیمنٹ میں ہماری ٹھوس آواز بنے نا کے ذاتی مفاد کی خاطر عوامی احساسات و جذبات کو مجروح کرے ۔

مفتی اکمل اور مولانا فیصل یعقوب نے خصوصی دعا کروائی ۔شرکائے تقریب نے اولڈہم ویسٹ و رائٹن سے ماہر قانون دان ظفر اقبال کا برطانیہ کے عام انتخابات میں حصہ لینے کو مقامی کمیونٹی کے لیے نیک شگون قرار دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!