لندن میں انسانی حقوق و مذ ہبی ہم آہنگی کے صوبائی مشیر افضل چوہدری کی پیس تھرو ٹریڈ پراجیکٹ پر میڈیا بریفنگ
لندن(تارکین وطن نیوز)برطانیہ میں انسانی حقوق و مذہبی ہم آہنگی کے صوبائی مشیر افضل چوہدری کی جانب سے پیس تھرو ٹریڈ (تجارت کے ذریعے امن) پراجیکٹ پر میڈیا بریفنگ دی گئی جس میں پاکستان کے سافٹ امیج اور بہتر تشخص کو تجارت کے ذریعہ اجاگر کرنے اور پاکستانی بزنس مین کو امن پسندی کا ذریعہ بنانے پر زور دیا گیا۔
افضل چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تجارت امن اور خوشحالی کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے، جتنے زیادہ ممالک آپس میں تجارتی تعلقات بڑھائیں گے اتنی زیادہ خوش حالی اور امن آئے گا، دنیا میں امن قائم کرنے کا سب سے بڑا ہتھیار تجارت ہے، اگر ہم دنیا کو باہم تجارتی تعلقات میں باندھ دیں گے تو پھر جنگ کی بجائے امن آئے گا اور ہتھیار کی بجائے کاروبار بڑھے گا۔
سرچ پیس فا ئو نڈیشن برطانیہ کی صدر ایستر داس نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم سے پہلے تمام یورپین ممالک آپس میں گھتم گتھا تھے مگر اب باہم تجارتی معاہدوں کے ذریعے پورا یورپ امن پسند اور ایک ملک ہونے کی منظر کشی کرتا ہے۔
سٹن بارو لندن کےمئیر صادق خان نےکہا کہ ہم حکومت پنجاب اور خصوصی طور پر اعجاز عالم آگسٹن کے شکرگزار ہیں جنہوں نے افضل چوہدری جیسے آدمی کا انتخاب کیا جو عرصہ دراز سے بین المذاھب ہم آہنگی کے لئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت چہرہ دکھا رہے ہیں۔
بیرسٹر دانیال شکیل نے پیس تھرو ٹریڈ پراجیکٹ متعارف کروانے پر افضل چوہدری اور صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹن کی تعریف کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ برطانیہ میں پاکستانی وکلا کی سب سےپہلی تنظیم انٹرنیشنل لائیرز کلب کے چیئرمین نے تمام ممبرز کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور پراجیکٹ کی تعریف کی۔
لندن کی معروف کاروباری شخصیت ساجد خان نے کہا کہ پیس تھرو ٹریڈ کا پراجیکٹ انتہائی سحر انگیز لگتا ہے۔ آخر میں افضل چوہدری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پراجیکٹ کے لئے وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹن کی کاوشوں کی تعریف بھی کی۔