ناروے: 14 اگست کمیٹی کے زیراہتمام بریج بلڈرایوارڈزکی تقریب،تین بڑے مذاہب کی اہم شخصیات کو ایوارڈزدیئے گئے

0

اوسلو(عقیل قادر) 14 اگست کمیٹی ناروے کے زیراہتمام بریج بلڈرایوارڈز کی تقریب اوسلو کی خوبصورت عمارت اوپرا ہائوس میں منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ 14 اگست کمیٹی ہر سال بریج بلڈر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد اگست میں کرتی ہے مگر کرونا وباء کی وجہ سے تقریب کو نومبر کے مہینے میں منعقد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت چودہ اگست کمیٹی کے چیئرمین عامر شیخ نے کی جبکہ نقابت کے فرائض ناروے کے سابق وزیر اعظم شیل مانگنے بوندویک نے ادا کیے۔

عامر شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ ایوارڈزان تین مختلف مذاہب کی شخصیات کو دیئے گئے ہیں جو بین المذاہب ہم آہنگی اور امن و سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

مسلم ورلڈ لیگ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی، ورلڈ کونسل آف چرچز کے جنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر loan Saucaاور یہودی مذہب سے تعلق رکھنے والے Michael Melchior کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے Michael Melchior کو چودہ اگست کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ایوارڈ دینے پر سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔کمیونٹی کا کہنا تھا کہ جب مائیکل ملکیور اسرائیلی حکومت کا حصہ تھے تو اس وقت بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ۔

دوسری جانب عامر شیخ کا کہنا تھا کہ Michael Melchior کے ماضی میں کیے گئے کاموں کے وہ ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ ان کا مقصد امن کے لیے کوشاںشخصیت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ امن کے فروغ کے لیے کام کیا جا سکے۔

اس موقع پر ایوارڈ ونر زنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو انتہائی اہمیت دیتے ہیںاو ر تمام مذاہب کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پید ا کرنے کے لیے مثبت کردار اداکیا جائے تو اس سے دوریاں قربت میں، عداوت دوستی اور محبت میں اور دل آزاری کو رواداری میں بدلا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امن و سلامتی اورمعاشرے کی اصلاح کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ پروگرام کے آخر پر عربی فنکاروں کی جانب سے خوبصورت گیت بھی پیش کیے گئے اور مہمانوں کی تواضع پُرتکلف کھانوں سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!