عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی جیت کے لیے پر امید ہوں، ڈیبی ابراہم

0

ڈیبی ابراہم نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر بارے آواز اٹھائی، ہم انکی بھرپور حمایت کرینگے، راجہ نجابت حسین

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے برطانیہ میں ہونیوالے عام انتخابات بارے خصوصی تقریب کا انعقاد

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) اولڈہم کے مقامی ریسٹورنٹ ہال میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات بارے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا ۔تقریب میں اولڈہم ایسٹ اینڈ سیڈل ورتھ سے لیبر پارٹی کی امیدوار ڈیبی ابراہم، سابق لارڈ مئیر مانچسٹر سٹی کونسل یاسمین ڈار ، خوش آمدید گروپ کی روح رواں کونسلر نائلہ شریف نے خصوصی شرکت کی ۔

ڈیبی ابراہم نے کہا کہ انتخابی مہم بارے ایشیائی عمر رسیدہ افراد سے میٹنگ کر کے اچھا لگا عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی جیت کے لیے پر امید ہوں ۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم برطانیہ کے عام انتخابات میں ان امیدواروں کی حمایت کریں گے جو کشمیر دوست ہوں گے اور ہم سے وعدہ کریں گے کہ اگر وہ رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہو گئے تو پھر وہ اپنی جماعت اور پارلیمنٹ کے اندر مسئلہ کشمیر بارے ہمارے موقف کو اٹھائیں گے۔

ہم ڈیبی ابراہم جو کہ سابق پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر گروپ کی چیئر پرسن تھیں، انہوں نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر بارے آواز اٹھائی ہم انکی بھرپور حمایت کریں گے ۔سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ افضل خان نے کہا ہم ڈیبی ابراہم کی انتخابی مہم کے لیے جمع ہوئے ہیں میری کمیونٹی سے گزارش ہے کہ وہ لیبر پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کروائے، انکا مزید کہنا تھا کہ لیبر پارٹی ہی ایسی جماعت ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے آواز اٹھائے گی، برطانیہ کی باقی سیاسی جماعتیں محض بیان بازی کرتی ہیں عملی اقدامات نہیں۔

سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار نے کہا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں بارے آگاہی دی ہے، امید ہے اس بارے وہ اپنا کردار ادا کریں گے ۔

کونسلر نائلہ شریف نے کہا کہ جن اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر بارے ہمارے موقف کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اٹھایا ہم انکی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہم انکی بھرپور حمایت کریں گے ۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمان خان نے کہا ہمارے یہاں آنے کا مقصد لیبر پارٹی کے ایسے امیدوار جو پہلے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن رہ کر تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر بارے ہمارے موقف کو ہر متعلقہ فورم پر اٹھاتے تھے انکی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کے لیے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جائے ۔

انکا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس وقت حکومت پاکستان کی فوقیت مسئلہ کشمیر نہیں ہے، زمینی و معروضی حالات اسکے برعکس ہیں ،پاکستان کو مسئلہ کشمیر بارے ٹھوس موقف اختیار کرنا ہو گا، پھر ہی عالمی سطح پر ہماری شنوائی ہو گی ،جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اٹھانے میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جس پر کشمیری کمیونٹی انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!