اولڈہم (محمد فیاض بشیر) جشن عید غدیر کی مناسبت سے اہل ایمان کی ارواح کو جلا بخشنے کے لیے حسینیہ اسلامک مشن اولڈہم میں روحانی محفل کا انعقاد ۔خطیب آل محمد حجتہ الاسلام والامومنین علامہ اسد رضا جوہری اور ذاکر اہل بیت سید ظفر عباس شاہ کی خصوصی شرکت ۔
مولانا قیصر عباس نے کہا کہ یوم غدیر پر اہل تشیع اور اہل سنت ملکر جشن مناتے ہیں، انہوں نے آقائے کائنات کے آخری حج کی ادائیگی کے بعد غدیر کے مقام پر پیش آنے والے واقع کو بیان کیا ،امت مسلمہ اور دکھی انسانیت کے لیے خصوصی دعا کی ۔
خطیب آل محمد حجتہ الاسلام والامومنین علامہ اسد رضا جوہری نے سورت آل عمران کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تمام انبیاء کرام سے عہد لیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کتاب و حکمت دی تو سنو آخری زمانے میں ایک رسول آئے گا تمھارے پاس جو کچھ ہے وہ اس سبکی تصدیق کرے گا ،تم سب کو اس پر ایمان لانے کے ساتھ اسکی مدد بھی کرو ۔
پاکستان سے آئے ذاکر اہل بیت سید ظفر عباس شاہ نے کہا کہ جشن غدیر ہمیں آقائے کائنات کی یاد دلاتا ہے کہ جو نبیؐ اپنی مرضی سے کوئی بات نہیں کرتے تھے، جب بھی اللّٰہ تعالیٰ ان پر وہی نازل کرتا تو وہ بات آگے پہنچاتے تھے۔
اللّٰہ تعالیٰ نے غدیر والی آیت اپنے حبیب کو القاب کی بجائے اے رسول کہہ کر پکارا اورکہا کہ اے رسول وہ کام کر جسکی وجہ سے میں نے تمھیں رسالت دی آج کا دن ولایت کے ساتھ ختم نبوت کا اعلان بھی تھا اور اسکے بعد امامت شروع ہوئی۔
حسینیہ اسلامک مشن اولڈہم انتظامیہ کے روح رواں راجہ عمران نے اہل تشیعہ اور اہل سنت کے عقیدہ سے تعلق رکھنے والے اہل ایمان کا شکریہ ادا کیا جو اولڈہم کے علاوہ گرد و نواح کے علاقوں سے جشن عید غدیر کی محفل میں شریک ہوئے۔
انہوں نے اہل ایمان کی سلامتی اور خوشحالی کے ساتھ اتحاد و اتفاق کی دعا کرتے ہوئے معزز مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کیا ۔جشن عید غدیر اہل ایمان کی ارواح کو تازہ کرنے کے ساتھ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آقائے کائنات نے غدیر کے مقام پر سوا لاکھ کے مجمعے میں حضرت علی مولا کا ہاتھ اٹھا کر کہا کہ جس کا میں مولا اسکا علی مولا۔