پاکستان تحریک انصاف سپین میڈرڈ ریجن کے زیر اہتمام پاکستان سے آئے پارلیمنٹیرین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
بارسلونا(تارکین وطن نیوز ) پاکستان سے آئے پارلیمنٹیرین سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وزیر محمد ایوب آفریدی کے اعزاز میں پی ٹی آئی سپین میڈرڈ ریجن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ صدرپی ٹی آئی سپین محمد شیراز بھٹی نے تقریب کی صدارت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ سے ہوا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی پاکستان اسد قیصر نے ائیرپورٹس پر تارکین وطن کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہم نے ابھی میٹنگ کی ہے کہ آپ کے ساتھ ائیرپورٹس پر ناروا سلوک کو روکا جائے گا اور اگر پھر بھی کوئی واقعہ ہو آپ ہم سے رابطہ کریں ہم اس کا سختی سے نوٹس لیں گے ۔
پاکستان میں تارکین وطن کی زمینوں پر قبضے ، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو تنگ کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس پر قومی اسمبلی میں پارلیمنٹری ایک کمیٹی بنائیں گے ۔ کیونکہ ہم پاکستان کو تارکین وطن دوست ملک بنانا ہے تاکہ آپ ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں ۔سپیکر اسد قیصر نے پاکستان اور سپین کے مابین دوہری شہریت کے بارے میں سفیر پاکستان شجاعت علی راٹھور کو بھی کہا کہ وہ سپین حکومت سے اس بارے میں بات کریں ۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے سفارت خانہ میڈرڈ کے بارے میں جو بھی مسائل ہیں میں نے سفیر پاکستان شجاعت علی راٹھور کو کہہ دیا وہ آپ کے مسائل کو ضرور حل کریں گے ۔ اور جو آپ کے اسلام آباد میں حل ہونے والے مسائل ہیں آپ ہمیں لکھ کر دیں ہر صورت میں حل کریں گے ۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وزیر محمد ایوب آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں خود ایک اوورسیز پاکستانی ہوں اور میں آپ تمام تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ کو ووٹ ملنے بہت زیادہ فائدہ ہو گا کیونکہ پاکستان میں حکومت کوئی بھی وہ آپ کے مسائل کو نہ صرف غور سے سنے گی بلکہ ان کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اور ممبر سینٹ اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ ابھی تو بہت وقت پڑا ہے،جدوجہد کا راستہ لمبا راستہ ہے ، تبدیلی کا راستہ بہت لمبا راستہ ہے ۔ اس لئے بہت جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ اور اس کے لئے قربانیوں کی ضرورت ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان شجاعت علی راٹھور نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کمیونٹی کے ساتھ ہماری باقاعدگی سے ملاقات ہوتی رہتی ہے اور سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے میں کوشاں ہے ۔
تقریب سے پی ٹی آئی سپین کے صدر محمد شیراز بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل جن میں دوہری شہریت ، سپین میں پاکستانی بینک، ائیرپورٹس پر ناروا سلوک اور دیگر مسائل پر پارلیمنٹیرین اور سپیکر قومی اسمبلی کی توجہ مبذول کرائی ۔ اس موقع پر محمد شیراز بھٹی نے سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل پر باضابط درخواست پارلیمنٹیرین کو پیش کیا ۔
تقریب سے دیگر مقررین میں صدر پی ٹی آئی میڈرڈ ریجن سپین زاہد قیصر صدیق، سینئر رہنما پی ٹی آئی سپین محمد اختررانا ، سینئر نائب صدر پی ٹی آئی سپین قاسم علی جھکڑ، سینئر نائب صدر پی ٹی آئی میڈرڈ ریجن چوہدری جعفر ریاض گجر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید فریاد حسین شاہ، سینئر رہنما پی ٹی آئی ویلینسیا میاں شاہد حمید آرائیں، صدر پی ٹی آئی ویلینسیا خرم شہزاد ، نائب صدر پی ٹی آئی سپین راجہ ارسلان، نائب صدر بلباو چوہدری نزاکت علی نے خطاب کیا ۔
تقریب کے آخر میں سینئر رہنما پی ٹی آئی میڈرڈ چوہدری عاصم ریاض گجر نے پارلیمنٹرین اور تقریب کے شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سپین چودھری عبدالصبور نے ادا کئے ۔تقریب میں قومی ترانہ پر تمام شرکاء احترام میں کھڑے ہو گئے اور ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ۔ تقریب میں پہنچنے پر مہمانوں کا گلدستوں سے استقبال کیا گیا ۔