سپین کے شہر بارسلونا میں قونصلیٹ آفس پاکستان کے زیراہتمام جشن آزادی اور پرچم کشائی کی پروقار تقریب

0

بارسلونا (رپورٹ:کاشف شہزاد) قونصلیٹ آفس بارسلونا میں یوم آزادی پاکستان کی پروقار تقریب انعقاد پزیر ہوئی جس میں خواتین و حضرات سمیت بچوں نے بھرپور شرکت کی، پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا،تقریب میں سپینش اتھارٹیز نے بھی شرکت کی اور پاکستانی عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

اگست کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، اسی سلسلہ میں سپین کے شہر بارسلونا میں بھی قونصلیٹ آفس کے زیر اہتمام قونصل خانے میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین و حضرات اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی، قونصل جنرل آف پاکستان مراد علی وزیر نے سبز ہلالی پرچم کو فضاؤں میں لہرایا، جس کے ساتھ ہی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

تقریب کا آغاز حسب روایت تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولؐ پیش کی گئی اور امیگریشن آفیسر وحید خٹک نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مراد علی وزیر نے کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور انہیں امن ،محبت، یگانگت سے رہنے اور پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کہا، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہم اسی طرح سے جشن آزادی کی تقریبات کو مناتے رہیں گے۔

کم سن بچی نے ملی ترانہ پیش کیا جبکہ لوکل گلوکار قدیر خان کا ایک نغمہ قونصلیٹ کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیا گیا جسے سامعین نے خوب سراہا۔

تقریب کے آخر میں کمیونٹی کے تمام افراد نے مل کر یوم آزادی کا کیک کاٹا اور اوورسیز کمیونٹی نے ایک دوسرے کو آزادی کی مبارکباد دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!