ہمیں ہمہ گیرعوامی طرز جمہوریت کو فروغ دینا ہوگا، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی اورچین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں قومی عوامی کانگریس کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کے لئے ایک شاندار اجلاس منعقد کیا۔
سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اجلاس سے اہم خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں راستے، نظریے، نظام اور ثقافت میں خود اعتمادی کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ہمہ گیر عوامی طرز جمہوریت کو فروغ دینا ہوگا اور عوامی کانگریس کے نظام پر قائم رہتے ہوئےاسے بہتربنانا اوراچھی طرح چلانا ہوگا تاکہ نئے دور اور نئے سفر میں پارٹی اور عوام کے اہداف کے حصول کے لئے ٹھوس ادارہ جاتی ضمانت فراہم کی جا سکے۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ عوامی کانگریس کا نظام کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں چینی عوام کی سخت تلاش اور طویل مدتی جدوجہد کا نتیجہ ہے اور یہ انسانی سیاسی نظام کی تاریخ میں ایک عظیم تخلیق ہے۔ حقائق نے ثابت کیا ہے کہ عوامی کانگریس کا نظام ایک اچھا نظام ہے جو چین کے قومی حالات اور حقائق سے مطابقت رکھتا ہے اور چینی طرز کی جدیدیت کو فروغ دینے میں پوری قوم کی طاقت کو مؤثر طریقے سے متحد کرسکتا ہے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ آئین اور قوانین کے مکمل اور موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے عوامی کانگریس کے اہم کردار اور قانون سازی میں عوامی کانگریس کے قائدانہ کردار کو مکمل طور پر بروے کار لانا ضروری ہے۔ پارٹی اور ریاست کے نگرانی کے نظام میں عوامی کانگریس کی نگرانی کے اہم کردار کو مکمل طور پر ادا کرنا ہوگا اور عوام کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے میں عوامی کانگریس کے رہنما کردار کو مکمل طور پر ادا کرنے کی ضرورت ہے۔