مانچسٹر: ٹائم سیٹیزن فاؤنڈیشن برطانیہ کی جانب سے مقامی ہال میں چیرٹی عشائیہ کا اہتمام

0

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) ٹائم سیٹیزن فاؤنڈیشن برطانیہ جو کہ بچوں کے حصول تعلیم کو ممکن بنانے کے لیے خصوصی توجہ دینے میں مصروف عمل ہے کی جانب سے مقامی ہال میں چیرٹی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا،جس میں پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔ نقابت کے فرائض مومن ثاقب نے انجام دیے۔

چیرٹی عشائیہ میں برطانیہ کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کو آگے بڑھانے کے لیے تعلیم واحد ذریعہ ہے، ٹائم سیٹیزن فاؤنڈیشن پاکستان میں اس بارے جو کام کر رہے ہیں اسکا کوئی نعم البدل نہیں ،ہمیں دل کھول کر اس نیک مقصد کے لیے مالی معاونت کرنی چاہیے ۔

ٹائم سیٹیزن فاؤنڈیشن برطانیہ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ثانیہ نے کہا ہمارے پاکستان میں دو ہزار سے زائد سکولز ہیں جن میں تین ہزار سے زائد بچے پاکستان کے دور دراز کے علاقوں سے زیر تعلیم ہیں، برطانیہ میں چندہ مہم کا مقصد اتنے بڑے منصوبے کو چلانے کے لیے امدادی رقم جمع کرنا ہے ۔

شاہد آفریدی چیرٹی کی نمائندہ صائمہ خان نے کہا کہ وہ اس نیک مقصد کی مدد کے لیے یہاں آئی ہیں ۔ڈاکٹر شمع پروین نے کہا کہ تنظیم خواتین کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس وجہ سے وہ انکی مدد کے لیے آئی ہیں ۔

برطانیہ کی نامور کاروباری سماجی و سیاسی شخصیت سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر خاص انیل مسرت نے کہا فاؤنڈیشن پاکستان میں تعلیم کے فروغ کو عام کرنے کے لیے زبردست کام کر رہی ہے ہم سب کو انکی مالی معاونت کرنی چاہیے ۔

مومن ثاقب نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل یہی ہے کہ ہم وہاں پہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں تاکہ پاکستان کی ترقی ہو سکے،ٹائم سیٹیزن فاؤنڈیشن برطانیہ نے پاکستان میں بچوں و خواتین کی تعلیم کا جو بیڑا اٹھایا ہے معاشرے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!