کامن ویلتھ گیمز کوئین بیٹن ٹارچ لیاری میں پہنچنے پر یورپ میں مقیم لیارینز کا خیرمقدم

0

اسٹاک ہوم(زبیر حسین)کامن ویلتھ گیمز کوئین بیٹن ٹارچ کی اختتامی تقریب لیاری میں منعقد ہونے پر یورپ میں مقیم لیاری سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات نےآن لائن سیمینارمنعقد کرکے اس تاریخی تقریب کے حوالے سے جشن منعقد کرنے کا ارادہ کیا۔

آن لائن سیمینار میں برطانیہ سے سندھ بلوچستان انٹرنیشنل بزنس فارم کے سربراہ حبیب جان،جاوید بلوچ، آفتاب بلوچ،حسن بلوچ،جرمنی سے سہیل بلوچ، عارف بلوچ، شہریار بلوچ، علی بلوچ ، سفیان بلوچ، حذیف بلوچ، پرتگال سے نعمان بلوچ،سویڈن سے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہان زبیر حسین، محمد سرور، تیمور عباس، سویڈن میں کھیلوں کے شعبے سے وابستہ شخصیات عاصم فیض بلوچ، سعید بلوچ،زبیر بلوچ اور ڈنمارک سے عدنان بلوچ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حبیب جان کا کہنا تھاکہ کامن ویلتھ گیمز کوئین بیٹن ٹارچ کا لیاری میں پہنچنا ہمارے لئے نا صرف باعثِ اعزاز ہے بلکہ لیاری کو بین الاقوامی طور پرپہچان بخشنے کے لئے قابلِ تحسین اقدام ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ لیاری کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے ہمیشہ دنیا بھر میں پاکستان کا لوہا منوایامگر حکومتی عدم توجہ نے لیاری کو اس کے جائز مقام سے محروم رکھا، کامن ویلتھ گیمز کوئین بیٹن کی اختتامی تقریب لیاری کے کھلاڑیوں کے لئے بہتر مستقبل کے آغاز کی نوید ہے۔

سویڈن میں مقیم لیارینز یوتھ ڈیولمپنٹ ایسوسی ایشن کے بانی زبیر بدریسروالا کا کہنا تھا کہ لیاری کے تاریخی ککری گراؤنڈ میں کامن ویلتھ گیمز کوئین بیٹن ٹارچ کے لئے جو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر موجود تھا وہ تمام تر مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کا تھا جس سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ لیاری کا ہر دوسرا نوجوان کھیلوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتا ہے، دنیا کو شاید اس بات پر حیرانگی ہوگی کہ لیاری کی بیٹیاں بھی مختلف کھیلوں میں اپنی مثال آپ ہیں خصوصاً باکسنگ کے شعبے میں لیاری کی خواتین کی کارکردگی پاکستان بھر میں نمایاں ہے۔

ایفکو فٹبال کلب سویڈن کے کوچ عاصم بلوچ کا کہنا تھا کہ لیاری کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اگر پڑھے لکھے نوجوانوں کی مدد مل سکے تو شاید وہ بین الاقوامی کلبز کی مدد کے ذریعے اپنا مستقبل سنوار سکیں گے ان کا کہنا تھا کہ میسی ہو یا رونالڈوان سب کی کہانی غریب گھرانوں سے شروع ہوئی انہیں بھی کسی کی مدد سے بین الاقوامی کلبز تک رسائی حاصل ہوئی اور آج دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جس نے ان کا نام نا سنا ہو۔

پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وائس چیئرمین محمد سرور کا کہنا تھا کہ لیاری میں قائم ہمارے تعلیمی ادارے مالمو انٹرنیشنل اسکول میں انشاللہ تمام کھیلوں کی تنظیموں کو اکھٹا کرکے ایک اس تاریخی تقریب کے حوالے سے جشن منعقد کرنےکا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر میں لیاری کے کھلاڑیوں کو پذیرائی حاصل کرنے کا موقع میسر آسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!