عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی برادری کو ایک مشترکہ فورس تشکیل دینے کی ضرورت ہے،وانگ ای
اقوام متحدہ (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران امریکہ میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کی۔بد ھ کے روزوانگ ای نے کہا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو ایک مشترکہ فورس تشکیل دینے کی ضرورت ہے اور کثیرالجہتی پر عمل کرنے کے لیے بڑے ممالک کو ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے، دونوں بڑے ممالک کو ساتھ چلنے کا درست راستہ تلاش کرنا چاہیے اور مزید عملی اور فائدہ مند کام کرنے چاہئیں جن سے دونوں ممالک اور دنیا کو فائدہ ہو۔ وانگ ای نے کہا کہ چین اجلاس میں شریک امریکی کاروباری اور اسٹریٹجک حلقوں کے نمائندوں کی جانب سے چین امریکہ تعلقات اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے عزم کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ وہ چین امریکہ تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی میں تعمیری کردار ادا کریں گے۔
امریکہ چین تعلقات پر قومی کمیٹی، امریکہ چین بزنس کونسل اور امریکن چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان مستحکم تعلقات کو برقرار رکھنا دونوں ممالک اور دنیا کے لیے فائدہ مند ہے ۔ وہ چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں اور چین میں سرمایہ کاری میں اضافہ جاری رکھیں گے۔