اسلام آباد میں ہسپانوی ایمبیسی کی اپوائنٹمنٹ کا مسئلہ،پاک فیڈریشن سپین کے وفد کی رکن پارلیمنٹ سے ملاقات
بارسلونا (کاشف شہزاد سے) اسلام آباد میں ہسپانوی ایمبیسی کی اپوائنٹمنٹ کا گھمبیر مسئلہ،نیشنلٹی کے بعد پاکستانیوں کے سر نیم کا معاملہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور مظالم جیسے مسائل پر پاک فیڈریشن سپین کے تین رکنی وفد کی حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی کی رکن پارلیمنٹ مرسے سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت صدر پاک فیڈریشن سپین فیض اللہ ساہی نے کی جبکہ انکے ہمراہ سینئر نائب صدر حافظ عبدالرزاق اور جنرل سیکرٹری راجہ مختار سونی بھی تھے۔
ملاقات میں مطالبہ رکھا گیا کہ ہسپانوی ایمبیسی میں سیتا کے مسئلے پر ایک مافیا قائم ہوچکا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کے پیپرز پاس ہونے کے باوجود اسلام آباد میں ویزوں کی اپوائنٹمنٹ کیلئے دو سے تین لاکھ روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں اور اسکی وجہ سے بسا اوقات لوگوں کے پیپرز بھی ایکسپائر ہو جاتے ہیں۔وفد کی جانب سے رکن پارلیمنٹ مرسے کو بریف کیا گیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور اقوام متحدہ کی سست روی کے باعث اس مسئلے کا پُر امن تصفیہ نہیں ہوسکا۔

بھارت نے تمام اصول و قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ تو کرلیا لیکن وہ جذبہ آزادی کو کشمیریوں کے دلوں سے نہ نکال سکا۔ اب تک وادی میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہری شہید کیے جاچکے ہیں۔کئی خواتین کی عصمت دریاں کی گئی ہیں،کئی گھروں کو برباد کردیا گیا ہے۔راجہ مختار سونی نے بتایا کہ ممنوعہ پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال بھی جاری ہے جس سے اب تک کئی ہزار بچے اور بڑے بینائی کھو بیٹھے ہیں۔
یہ چھرے جسم کے مختلف اعضا میں پیوست ہوجاتے ہیں اور مریض زندہ لاش بن کر رہ جاتا ہے۔پاک فیڈریشن سپین وفد نے رکن پارلیمنٹ مرسے کو بتایا کہ نیشنلٹی پانے والے پاکستانیوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ سرنیم یعنی اپاییدو کا ہے یعنی نام کے ساتھ "بی بی اور بیگم” لکھا جاتا ہے۔ اس کے بارے میں وزارت داخلہ کو بتایا جائے کہ”بی بی اور بیگم” پاکستانی معاشرے میں خواتین کیلئے مختص ہوتے ہیں مگر ہسپانوی پاسپورٹ پر اس کو مردوں کے ناموں کا بھی حصہ بنادیا گیا ہے۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسا نہ کیا جائے۔حکمران جماعت کی رکن پارلیمنٹ مرسے نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کے حل کیلئے فعال کردار ادا کریں گی۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین صورتحال پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔