سویڈن میں اعزازی آر ڈی اے برانڈ ایمبیسڈرز تعینات

0

مالمو (تارکین وطن نیوز) روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ(آر ڈی اے) کی معلوماتی مہم کو تیز کرنے کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن و فِن لینڈ نے سویڈن میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ برانڈ ایمبسڈرز کی اعزازی تعیناتی کا سلسلہ شروع کردیا۔

سفیرِپاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے اس حوالے سے مالمو شہر کا خصوصی دورہ کیا اور مالمو شہر سے نامزد آر ڈی اے برانڈ ایمبیسڈرز کے ساتھ ملاقات کی جہاں انہیں آر ڈی اے مہم کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا کہ مالمو شہر پاکستانی کمیونٹی کی آبادی کے لحاظ سے سویڈن کا دوسرا بڑا شہر جبکہ صوبے کا دارالخلافہ بھی ہے لہٰذا اس شہر میں ہمیں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تشہیری مہم کی ضرورت ہے۔

اسٹاک ہوم اور اس سےمتعلقہ شہروں سے تو لوگ براہ راست سفارتخانے تک رسائی حاصل کرتے ہیں مگر دور دراز شہروں میں خصوصاً جہاں پاکستانی کمیونٹی کی زیادہ تعداد موجود ہے وہاں تک مفید معلومات پہنچانے کے لئے ہم نے برانڈ ایمبسڈرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں ہم نے مالمو میں تین برانڈ ایمبیسڈرز ’شاہی ایوارڈ یافتہ بزنس مین جمشید گِل، زبیر حسین اور محمد سرور‘ کو اعزازی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔

اس حوالے سے ان کامزید کہنا تھا کہ ہم نے ایسے افراد کو یہ ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا ہے جن کے سویڈن بھر کے مختلف شہروں میں پاکستانی حلقوں سے روابط ہیں اور وہ متواتر کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف شہروں کا دورہ بھی کرتے ہیں۔ایسے افراد کو ذمہ داریاں سونپنے سے آر ڈی اے کے حوالے سے کمیونٹی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد تک ہمارا پیغام بآسانی پہنچے گا۔

جمشید گِل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ہمیشہ سے ہی کمیونٹی کے لئے احسن اقدام کئے ہیں اور یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جتنا ممکن ہوسکے گا ہم کمیونٹی کے ہر فرد تک آرڈی اے کی مکمل معلومات فراہم کریں گے۔

زبیر حسین کا کہنا تھا کہ سفارتخانے کی جانب سے آر ڈی اے کے حوالے سے متعدد ویبنار منعقد کئے گئے جو کہ بلاشبہ بہت فائدہ مندرہے مگر یہ کمیونٹی کے خواندہ افراد کے لئے کارآمد رہے ہماری کمیونٹی میں ایسے افراد بھی ہیں جو ناخواندگی کے باعث آن لائن ویبنار میں یا تو شرکت نہیں کر پاتے یا پھر وقت کی کمی کی وجہ سے لوگ مفید معلومات سے محروم رہتے ہیں، ہماری ہر ممکن کوشش رہے گی کہ سب تک اس قسم کی معلومات کو بروقت پہنچایا جائے۔

محمد سرور جوکہ نجی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان میں ہیں ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سفارتخانہ پاکستان کا ہم پر اس قسم کی ذمہ داری کا عائد کرنا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے ہم ہر سطح پر آر ڈی اے کی معلوماتی مہم کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!