بارسلونا (کاشف شہزاد سے) کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیراہتمام فورٹی پلس کرکٹ کا آغاز ہونے جارہا ہے،اس سلسلہ میں پنجاب شینواری ریسٹورنٹ پر ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں فورٹی پلس کرکٹ کے اصول وضوابط طے کئے گئے۔
کل نو کرکٹ کلب ہونگے،جو کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے،کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر غلام صابر نے اس موقع پر کہا آج کی میٹنگ بہترین رہی ہے اور تمام کلبز کے کپتانوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے۔

اپنے لوگوں کو میدانوں کی طرف لائیں تاکہ میدان آباد ہوں اور ہمارے بچے جوان اور بڑے کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے انہیں نقصان ہو،انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اپنی ذمہ داری نبھائے گی اور رونقوں کو دوبارہ بحال کرے گی۔
سید ذوالقرنین شاہ،چوہدری اشفاق باغانوالہ،محمد سلیمان گوندل نے فیڈریشن کے اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کرکٹ کی رونقیں بحال ہونگی،انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام نو کرکٹ کلبز سے دو ٹیمیں تشکیل دے کر ایک دوستانہ میچ کھیلا جائے گا۔
تمام شائقین کرکٹ کو اس میچ کو دیکھنے اور انجوائے کر نے کی دعوت دی جائے گی،فورٹی پلس جس مقصد کے تحت شروع کیا گیا تھا آج دوبارہ اسی مقصد کو لے کر دوبارہ شروع کرنے جارہے ہیں،کمیونٹی میں سے کوئی بھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہو تو رابطہ کر سکتا ہے۔کلبز کے جو اعتراضات تھے وہ آج کرکٹ فیڈریشن کے سامنے رکھے ہیں جن کو حل کرنے کی یقین دہائی کرائی گئی ہے،کھیل میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
میٹنگ میں چوہدری عظمت حسین مہر،علی رشید بٹ،راجہ نثار احمد،غلام صابر،ڈاکٹرقمرفاروق اور چوہدری بختاور ورک نے شرکت کی۔