پاکستان کیخلاف بھارتی جارحیت کی مذمت کیلئے یورپین دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

0

برسلز(حافظ اُنیب راشد) پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی مذمت کیلئے یورپین دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جس میں بیلجیئم میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد کے علاوہ بیلجیئم میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت اور ارکان نے شرکت کی۔

اس مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو نے کیا تھا۔ مظاہرین نے اس موقع پر بھارتی جارحیت کا شکار معصوم افراد اور پاکستان کی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کرنے والی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ اس دوران وہ بھارت کی مذمت اور پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی حمایت میں مسلسل نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تمام مقررین نے انتہائی ذمہ دارانہ الفاظ کا چنائو کیا۔ انہوں نے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکتوں پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے فوری بعد پاکستان پر الزام تراشی کو بلا جواز قرار دیا۔ مقررین نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہر طرح کی بین الاقوامی تحقیقات کرانے کی پیشکش بھی کی جسے بھارت نے نخوت سے ٹھکرا دیا۔مقررین نے بھارتی حکومت کو مخاطب بناتے ہوئے کہا کہ اب آپ نے اپنی جارحیت کا انجام بھی دیکھ لیا۔

پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارتی حکومت کو مزید یاد دلایا کہ ابھی اس نے پاکستان کا پانی روکنے کے فیصلے سے رجوع نہیں کیا۔ ضروری ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھے اور مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کو حل کرے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے یورپین یونین سمیت بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

اس کے ساتھ ہی مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مقررین نے اس بات کو خاص طور پر اجاگر کیا کہ پاکستان مخالف ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد، یکسو اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس لیے کوئی ہمیں تقسیم سمجھنے کی غلط فہمی میں نہ رہے۔اس احتجاجی مظاہرے سے جن مقررین نے خطاب کیا ان میں علی رضا سید، حاجی پرویز، راجہ خالد، فرید خان، شیراز بٹ، شیخ ماجد، سکھدیو سنگھ جلویڑا،روبینہ خان، زاہد بھدر، علامہ حسنات احمد بخاری، ناصر چوہان، شکیل گوہر، پریسٹ کامران تھامس ،مہر صفدر علی، ڈاکٹر منظور ظہور، ندیم بٹ ، سردار سلیمان، ملک شجاع، نواز بٹ و دیگر شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]