سابق رکن پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم طارق کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ملائشیا چیپٹر کے عہدیداران سے ملاقات
کوالالمپور (محمد وقار خان) سابق رکن پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم طارق نے اپنے حالیہ دورۂ ملائشیا کے دوران پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ملائشیا چیپٹر کے عہدیداران سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مولانا معاویہ طارق نے کہا کہ ان کا دورۂ ملائشیا تعلیمی نظام کا جائزہ لینے اور اس سے سیکھنے کے مقصد کے تحت ہے۔ انہوں نے ملائشیا کے معاشرتی رویوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یہاں کے لوگ مہذب، ترقی پسند اور دوستانہ مزاج رکھتے ہیں۔”

انہوں نے پی ایف یو جے کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بھلائی کے لیے جو تجاویز ہیں وہ انہیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ وطن واپسی پر ان مسائل کو اجاگر کر سکیں اور ان پر عملی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔
مولانا معاویہ طارق نے کہا کہ "ہر بیرون ملک مقیم پاکستانی کو یہ شعور ہونا چاہیے کہ وہ پاکستان کا نمائندہ ہے، اس کا ہر عمل ملک کی عزت یا بدنامی کا سبب بن سکتا ہے۔”
انہوں نے بیرون ملک کام کرنے والے صحافیوں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "دیارِ غیر میں بیٹھ کر رضاکارانہ طور پر اپنی کمیونٹی کے لیے خدمات سرانجام دینے والے صحافی نہ صرف عوام کو حالات سے آگاہ کرتے ہیں بلکہ ان کی آواز پاکستان تک پہنچانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں، جس پر حکومت کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔”
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔