آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا
آرمی چیف جنرل عاصم منیر ملک کی دوسری شخصیت ہیں جنہیں بیٹن آف فیلڈ مارشل کا اعزاز ملا
جنرل عاصم منیر کو ملنے والا "فیلڈ مارشل” کا اعزاز پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے
دبئی (طاہر منیر طاہر سے) بھارت کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد بے مثال قیادت اور ملکی دفاع کے لیے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو "فیلڈ مارشل” کا عھدہ ملنے پر متحدہ عرب امارات میں مقیم مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دی ہے،اس سلسلہ میں یو اے ای کی معروف پاکستانی شخصیت ڈاکٹر محمد اکرم چودھری نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل محمد عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز حکومت نے نہیں پاکستان کی 25 کروڑ عوام نے دیا۔
بحیثیت ایک اوورسیز پاکستانی میں سمجھتا ہوں اب وقت آگیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں میں کسی لیڈر کی مقبولیت کا جعلی بھانڈا پھوٹنے کے بعد اصل مقبولیت جانچ لی جائے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس عہدے کے اصل مستحق ہیں ۔اوورسیزپاکستانیوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مقبولیت مادر وطن سے سچی محبت کرنے والوں میں سو فیصد ہے ۔میری دعا ہے جنرل عاصم منیر اس عہدے کی لاج نبھائیں گے۔معروف مسلم لیگی رہنما چودھری نور الحسن تنویر (MNA ) نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ھوئے کہا کہ یہ حکومت کا بروقت فیصلہ ہے جسے پاکستان میں عوام کی اکثریت نے سراہا ہے۔
بیشک جنرل عاصم منیر ایک نڈر بہادر اور حوصلہ مند سپہ سالار ہے انہوں نے بہترین منصوبہ بندی ، حکمت عملی سے ایک بدمست، متکبر دشمن کو دن کی روشنی میں تارے دکھائے ہیں، انہوں نے 10 مئی کے روز انڈیا کو 26 مقامات پر بھر پور جواب دیا ہے،ایک ہی دن میں دشمن کے پاؤں اکھڑ گئے اور گھٹنوں کے بل گر کر سیز فائر پر مجبور ہوگیا، چودھری نور الحسن تنویر نے کہا کہ پوری قوم اپنے ہیروز کے ساتھ ہے اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی گلف/مڈل ایسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری ذوالفقار علی مغل نے کہا کہ آج تک ہم پاکستان اور انڈیا کی جنگ کے قصے سنتے آئے تھے لیکن جنگ مئی 2025 کو از خود دیکھا کہ کس طرح ہماری بہادر افواج نے چند گھنٹوں کے اندر دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور دشمن سیز فائر پر راضی ہو گیا، پاک فوج نے وہ کام کر دکھایا جس کی تعریف بیرونی میڈیا نے بھی کی ہے، پاک فوج کی اس کامیابی کا سہرا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے سر جاتا ہے جسے ہم سیلوٹ کرتے ھوئے انہیں فیلڈ مارشل کا اعزازی عہدہ ملنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ملک دوست محمد اعوان نے کہا کہ پاکستان کی عسکری تاریخ میں یہ عہدہ فیلڈ مارشل کا پہلی بار جنرل ایوب خان کو ملا تھا اور اب جنرل سید عاصم منیر کو ملاہے،میری ذاتی رائے میں وہ اس عہدے کے مکمل طور پر قابل ہیں کیونکہ جب سے انھوں نے آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا ہے ہر محاذ پر دہمان اور دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، حالیہ پاک بھارت جنگ میں بھارت کو شکست دینے پر جنرل سید عاصم منیر کو میں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور انہیں فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
اوورسیز پاکستانیز نیٹ ورک (OPN )کے صدر میاں عاصم شہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل آرمی کا سب سے بڑا عہدہ ہوتا ہے جو کسی فوجی کو اسکی جنگی مہارت اور خدمات پر ملتا ہے ۔ جیسا کہ حال ہی میں جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملا ہے اس پہ ہم ان کو تہہ دل سے مبارک باد دیتے ہیں، جنرل عاصم منیر کی خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی اور جب جب انکی خدمات کو یاد کیا جائیگا قوم کا سر فخر سے بلند ہوگا۔
ملک یاسر امتیاز اعوان (بانی ممبر پاکستان تحریک انصاف مڈل ایسٹ، سابق صدر پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب امارات نے پوری پاکستانی قوم کو شاندار کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر دلی مبارکباد پیش کی جس کے نتیجے میں دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا۔یاسر اعوان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد دی، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی مثالی قیادت اور ان کی نگرانی میں بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر جنرل عاصم فیلڈ مارشل کے اس تاریخی عہدے کے مستحق ہیں۔
یاسر اعوان نے کہا کہ تمام مسلح افواج کا اتحاد اور ان کی غیر معمولی کارکردگی پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تاریخی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے افسروں، جوانوں، شہداء اور سویلینز کو قومی اعزازات دئیے جائیں۔آخر میں یاسر اعوان نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی انفرادی اعزاز نہیں بلکہ افواج پاکستان اور پوری قوم کا اعزاز ہے،پاکستان پیپلز پارٹی گلف/مڈل ایسٹ کی انفارمیشن سیکرٹری نجمہ جیلانی نے کہا کہ ہم جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کامنصب ملنے اور بنیان مرصوص کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ گزشتہ دنوں بھارتی افواج نےرات کی تاریکی میں پاکستان پہ جنگی حملہ کیا اور اس کے جواب میں پاک افواج نے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں دشمنوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور فتح حاصل کی۔ انہوں نے ہند وستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگ کی صورتحال میں جراءت و پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار فوجی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ۔جس نے دشمن ملک بھارت کے تمام عزائم خاک میں ملادئیے،ہم پاک فوج کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے مادر وطن اور قوم کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ان شہا دتوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن پرتگال کی صدر شمع بٹ نے کہا کہ انڈیا کو ہرا کر پاکستان نے پوری دنیا میں اپنی عظمت کا سکّہ منوا لیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی فوج دنیا کی طاقتور فوج ہے جو ہر طرح کے حالات میں دشمن کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کے جنگ جیتنے اور حکومت کی طرف سے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا خطاب ملنے کی خبر پرتگال میں مقیم پاکستانیوں میں خوش دلی کے ساتھ سنی گئی، اس موقع پر ہم سب پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے اور فیلڈ مارشل کا خطاب ملنے پر جنرل عاصم منیر کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کی سینئر وائس پریذیڈنٹ سعدیہ عباسی نے کہا کہ پاک فوج نے انڈیا پر برتری حاصل کر کے پاکستانیوں کے سر پوری دنیا میں فخر سے بلند کر دیے ہیں،انٹرنیشنل میڈیا نے بھی پاکستان کی عسکری قیادت اور پاک فوج کی جنگی مہارت کو سراہا ہے،بھارت کے جھوٹے دعوئوں اور پروپیگنڈوں کا جواب بھی انٹرنیشنل میڈیا نے دیا ہے جس سے بھارت کے جھوٹے بیانات کی قلعی کھل گئی ہے،پاکستان کی فتح پورے عالم اسلام کی فتح ہے جس پر جسقدر بھی خوشی کا اظہار کیا جائے وہ کم ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے افواج پاکستان کی عظمت کو سلام کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارک باد دی ہے۔