معروف عالمی مبلغِ اسلام مفتی پروفیسر ارشاد حسین سعیدی کا ناروے کا دورہ،پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کی قیادت سے خصوصی ملاقات
اوسلو (عقیل قادر سے) معروف عالمی مبلغِ اسلام مفتی پروفیسر ارشاد حسین سعیدی نےناروے کا مختصر دورہ کیا ، دورے کے دوران ممتاز عالمی شہرت یافتہ مبلغِ اسلام، پروفیسر مفتی ارشاد حسین سعیدی نے پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے اعلیٰ عہدیداران سے خصوصی ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات کا اہتمام نہایت خوشگوار اور باوقار ماحول میں کیا گیا جس میں سوسائٹی کے صدر عقیل قادر، جنرل سیکریٹری غضنفر علی، فنانس سیکریٹری راجہ عاطف نواز، بانی و انفارمیشن سیکریٹری چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اور ممبرشپ کوآرڈینیٹر راجہ عاشق حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ملاقات کا آغاز تعارفی نشست سے ہوا جس کے بعد یورپ میں مقیم مسلمانوں کو درپیش مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مفتی ارشاد حسین سعیدی صاحب نے نہایت بصیرت افروز گفتگو فرمائی اور مغربی معاشروں میں اسلامی تعلیمات کے فروغ، نوجوان نسل کی تربیت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیا۔
اس موقع پر پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے مفتی صاحب کو الاذان ایجوکیشن کمپلیکس کے بابرکت افتتاح پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے علمی و دینی خدمات پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی، اجتماعی جدوجہد اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر رابطہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔