یورپی یونین کا بڑا قدم: 2040 تک تمباکو سے پاک نسل کی تیاری کیلئے 96 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان
برسلز(حافظ اُنیب راشد) یورپین کمیشن نے بتایا ہے کہ ہر سال یونین میں 7 لاکھ لوگ تمباکو نوشی اور اس سے جڑی ہوئی بیماریوں کے سبب ہلاک ہوجاتے ہیں۔
اس صورتحال کو تبدیل کرنے کیلئے یورپین یونین نے ایک مکمل منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 2040 تک یورپ کے لوگوں کو تمباکو نوشی سے روکنے اور صحت مند طرز زندگی گزارنے کیلئے تیار کرنے کی غرض سے ابتدائی مرحلے میں 96 ملین یورو خرچ کیے جائیں گے۔
کمیشن کے بیان کے مطابق یورپی یونین میں 700,000 جانیں تمباکو نوشی کی وجہ سے ضائع ہوتی ہیں۔ یہ یورپ میں قابل روک تھام کینسر کی سب سے بڑی وجہ ہے اور صحت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ بیان میں کمیشن نے اپنے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے یہ وقت، طرز زندگی کا انتخاب کرنے کا وقت ہے۔
اس موقع پر کمیشن نے ان اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کیں جو وہ EU میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے لیے کر رہے ہیں۔یورپین کمیشن کے مطابق اس حوالے سے یورپ بھر کے کئی علاقوں میں تمباکو نوشی کے دھوئیں سے پاک ماحول بنانا، تمباکو کی مصنوعات کی پیکیجنگ، لیبلنگ اور اجزاء کو زیادہ سرکاری دسترس کے ساتھ منظم کرنا ، تمباکو کی مصنوعات کی تشہیر پر پابندی لگانا، تمباکو نوشی اور نشہ کرنے والوں کے طرز عمل میں تبدیلی کے بارے میں تحقیق اور نشے کی روک تھام کیلئے 96 ملین یورو کی سرمایہ کاری شامل ہے۔

بیان میں ان سارے اقدامات کو گنوانے کے بعد یورپین یونین نے اپنا واضح مقصد بتایا ہے کہ وہ 2040 تک یورپین یونین میں تمباکو سے پاک نسل دیکھنا چاہتے ہیں۔