نیویارک (طاہر محمود چوہدری) نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 38 سے منتخب ہونے والی پہلی پنجابی نژاد امریکی جینفر راجکمار نے ریاستی مقننہ کے فلور پر اپنی نوعیت کی پہلی تاریخی قرارداد پیش کی ہے، جس کی رو سے اپریل کے مہینے کو نیویارک سٹیٹ میں” پنجابی بیداری” کے مہینے کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے. اور ریاست میں 14 اپریل، 2022 کو "ویساکھی ڈے” کے طور پر منایا جائے گا۔
نیویارک سٹیٹ میں اپریل کو” پنجابی بیداری” کے مہینے کے طور پر تسلیم کروانا اور 14اپریل 2022 کو "یوم ویساکھی” کے طور پر نامزد کرانا ممبر نیویارک سٹیٹ اسمبلی جینفر راجکمار کی اہم کامیابی ہے. نیویارک سٹیٹ میں مقیم پنجابی کمیونٹی نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
39 سالہ جینفر راجکمار، نیویارک اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 38 کے کوئینز بورو پر مشتمل علاقوں، گیلنڈل، اوزن پارک، رچمنڈ ہل، ریج وڈ اور وڈ ہیون پر مشتمل ہے. جہاں پر دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ساتھ بھارتی خصوصاً سردار، پاکستانی، بنگلہ دیشی اور گیانی کمیونٹی بڑی تعداد میں آباد ہے۔