امریکہ میں کشمیر کاز کے لیے ایک جامع مہم شروع کی جائے گی ، عالمی کشمیر آگاہی فورم

0

ورجینیا (تارکین وطن نیوز) عالمی کشمیر آگاہی فورم کے تحت ورجینیا میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیاجس میں جدوجہد آزادی کشمیر میں مصروف مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کی مسلسل حمایت پر آزاد کشمیر کے بھائیوں کی کاوش کو سراہا گیا۔ڈبلیو کے اے ایف بورڈ نے واشنگٹن میں کشمیر کے کاز کو مضبوط کرنے کے لیے ان کی لگن، عزم اور فراخدلی کی ستائش کی۔ تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی قیادت نے شرکت کی۔

معروف صحافی کوثر جاوید نے تلاوت کلام پاک اور درود و سلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ڈاکٹر غلام نبی میر ، صدر ڈبلیو کے اے ایف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں اپنے مصائب کا شکار کشمیریوں ، کی مسلسل حمایت پر ہم شکر گزار ہیں۔ڈاکٹر غلام نبی میر نے مزید کہا کہ آپ لوگوں نے واشنگٹن، نیویارک اور اس سے باہر کانفرنسوں، سیمیناروں اور ریلیوں میں شرکت کرکے کشمیری سیاسی مزاحمت کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کے ذریعے آزادی کی شمع کو روشن رکھا ہے۔ ہم سیز فائر لائن کے دونوں طرف کشمیری بھائی بہنوں کی طرح ہیں۔ امریکہ میں اس اخوت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

ڈبلیو کے اے ایف WKAFکے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بھی گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران ان کی حمایت اور رہنمائی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے کاز کے لیے آپ کے بے لوث عزم اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں۔فائی نے خبردار کیا کہ کوئی بھی تصفیہ جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے وضع کردہ اصولوں سے انحراف کرتا ہے، ناکام ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ یادرہے کہ دونوں طرف سے رضامندی طلب کرنے کے بعد ہی قراردادیں لائی گئی ہیں۔ بدقسمتی سے آج عالمی طاقتیں وادی کشمیر میں جاری ظلم و جبر پر خاموش ہیں۔ فائی نے مزید کہا کہ اسی لیے، ہم واشنگٹن اور دیگر جگہوں پر دستک دینے پر مجبور ہیں اور ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیر کے لوگوں کو سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری مصیبت سے نجات دلانے کے لیے معقول راستے تلاش کریں۔

ڈاکٹر ذوالفقار کاظمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، کامن گرانڈز نے ڈبلیو کے اے ایف کی کوششوں کو سراہتے ہو ئے کہا کہ ہمیں موجودہ صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے قابل قبول حل کے بارے میں عالمی بیداری کو فروغ دینے کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ امریکہ میں کشمیر کاز کے لیے ایک جامع مہم شروع کی جائے۔

جو ڈسکور پاکستان HDTVکے صدر ڈاکٹر کاظمی نے ٹی وی چینل کے کردار اور کشمیریوں کی آزادی کے مقصد کے لیے حمایت کے بارے میں آگاہ کیا۔کشمیری کمیونٹی کے ممتاز رہنما ڈاکٹر نوری نے زور دیا کہ ہمیں فلسطین، میانمار، کشمیر، یوکرین اور اس سے آگے اپنے بھائیوں کو یاد رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔

پروگرام کے منتظم سردار ظریف خان نے کشمیری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جب بھی ہم نے کشمیر ؒکے لیے کوئی اپیل کی ہمیشہ مثبت جواب دیا گیا۔ اس طرح آپ کشمیر کے لیے ہمدردی، انسانیت اور مہربانی کی علامت بن گئے ہیں۔ ظریف خان نے اپنی ٹیم بشمول ملک حامد، شعیب ارشاد، سردار زبیر خان، معظم آفتاب، اکرم بٹ، آفتاب روشن خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!