ٹوکیو(عرفان صدیقی)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائے جانے کے خلاف جاپان میں معروف کشمیری تنظیم کشمیری یکجہتی فورم سمیت مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
اس حوالے سے کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید ایڈوکیٹ اور جنرل سیکریٹری مرزا خلیل بیگ نے کہا کہ بھارت نے یاسین ملک کو یکطرفہ عدالتی کاروائی کے بعد جو سزا سنائی ہے اس سے بھارت کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بےنقاب ہوگیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس سزا سے کشمیر میں جاری تحریک آزادی میں مزید تیزی آئے گی۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ بھارتی عدالت کی غیر انسانی اور ناانصافی پر مبنی عمر قید کی سزا سے یاسین ملک کا قد مزید بلند ہوگیا ہے اور کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر مزید اُجاگر ہوگیا ہے۔
سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ بےانصافی پر مبنی سزا کے بعد یاسین ملک حق و سچ کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی جاپان سمیت دیگر مذہبی و سیاسی تنظیموں نے بھی یاسین ملک کی سزا پر صدائے احتجاج بلند کی ہے۔