پاکستانی ہائی کمشنر کی ملائیشین چیف آف ڈیفنس فورس سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانیکا عزم
پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے ملائیشین وزارت دفاع کے دفترکا دورہ کیا
دونوں ممالک کی باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث لائے گئے
دورہ میں فرسٹ سیکرٹری پاکستان ہائی کمیشن محمد عادل اور ڈیفنس کمانڈر ناصر حسین بھی ہمراہ تھے
کوالالمپور(محمد وقار خان)پاکستانی ہائی کمشنر کا ملائیشین وزارت دفاع کے دفتر کا دورہ ، برادر اسلامی ممالک کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر محترمہ آمنہ بلوچ نے ملائیشین وزارت دفاع آفس کا دورہ کیا اور ملائیشین چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری داتو سری حاجی آفندی بن بوانگ سے ملاقات کی ۔ملاقات میں دونوں ممالک کی باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث لائے گئے۔
دونوں ممالک کے نمائندوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے مذید کہا کہ دونوں اسلامی برادر ممالک کے باہمی تعلقات بہت گہرے اور دیرینہ ہیں جو کہ سرحدوں اور درمیانی دوریوں جیسی چیزوں سے بالا ہیں۔
دونوں دوست ممالک نے ہر طرح کی صورتحال میں ایک دوسرے کا ہر طرح سے ساتھ دیا ہے اور یہ دوطرفہ تعاون آئندہ بھی جاری و ساری رہے گا،وزارت دفاع کے دفتر کے اس دورہ میں فرسٹ سیکرٹری پاکستان ہائی کمیشن محمد عادل اور ڈیفنس کمانڈر ناصر حسین بھی محترمہ آمنہ بلوچ کے ہمراہ تھے ۔