پیپلز پارٹی کے گڑھ کے نام سے جانیوالے لیاری ٹاؤن میں گیس کی بندش کیخلاف عوام سراپا احتجاج

0

کراچی (نمائندہ خصوصی)لیاری ٹاؤن کے باسیوں میں رمضان المبارک سے قبل گیس کی بندش پر شدید بے چینی پائی جاتی ہے اس حوالے سے گزشتہ روز لیاری میں احتجاج کیا گیا جہاں عوام نے مطالبہ کیا کہ مسائل سے دوچار عوام کو کم از کم چولہا جلانے کی اجازت دی جائے۔

لیاری کی سماجی ، سیاسی و کاروباری شخصیات سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے احتجاج میں شرکت کرکے اپنی آواز حکامِ بالا تک پہنچانے کی کوشش کی، لیارینز یوتھ ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے روح رواں مبین حسین نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ملک میں سیاست، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام بھپری ہوئی ہے وہیں عوام کو گیس کی سہولت سے بھی محروم کیا جانے لگا ہے۔

سردیوں میں گیس کی بندش تو سمجھ آیا کرتی تھی مگر اب گرمیوں میں بھی چولھے جلانے سے قاصر ہیں، وطنِ عزیز کو ہر قسم کے بحرانوں نے آگھیرا ہے ہم نے جب سے ہوش سنبھالا پاکستان کو مشکل دور سے ہی گزرتے دیکھا کبھی بجلی کا بحران تو کبھی آٹے کا بحران، کبھی پیٹرول کی بندش تو کبھی گیس کی بندش، ملکی سیاست نے عوام کو بنیادی مسائل میں ایسے جکڑ کر رکھا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان سے آگے کبھی ہماری سوچ بڑھنے ہی نہیں پاتی۔

مبین حسین کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایوانِ بالا سے درخواست کرتے ہیں کہ لفط بدترین سے ہمیں چھٹکارا دیں، ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم بدترین لوڈشیڈنگ، بدترین گیس اور پانی کی قلت کی وجہ سے سڑکوں پر اپنا حق تلاش کریں،دیگر سماجی شخصیات کا کہنا تھا کہ رمضان میں عوام کو بجلی اور گیس کی بندش میں ریلیف دے کر ذہنی اذیت سے نجات دی جائے۔

مذکورہ احتجاج کے سلسلے میں مقامی کمیونٹی کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر منطاحہ اظہرسے ملاقات کی ، اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے تین دنوں میں مسئلہ حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!