ہنر مند افراد کی نقل و حرکت بارے پاک جرمن تعاون دونوں ممالک کیلئے سود مند ثابت ہو گا:ڈاکٹر محمد فیصل

0

برلن(مہوش ظفر)سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے آج تھورنگیا کا دورہ کیا اور تھورنگیا کے وزیر اعظم مسٹر بوڈو رامیلو سے ملاقات کی۔ دونوں نے خصوصی طور پرباہمی تجارت کے فروغ اور ہنر مند افرادی قوت کی نقل و حرکت سے متعلق تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ ملاقات اکتوبر 2022 کے اوائل میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور رامیلو کے درمیان ہونے والی ملاقات ہی کا تسلسل تھی، جس کے تحت دونوں فریقین نے ریاست تھورنگیا اور پاکستان،بشمول صوبوں کے درمیان ممکنہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔

سفیر پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ ویلیو ایڈڈ زرعی پیداوار بالخصوص خوردنی اشیاء، ٹیکسٹائل مصنوعات وغیرہ جیسے شعبوں کے ذریعے جرمن درآمدات میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کی بہت گنجائش ہے۔

بعد ازاں شام کے وقت سفیر ڈاکٹر فیصل نے تھورنگیا کی وزیر برائےمحنت، سماجی امور، صحت، خواتین اور خاندان ہائیکے ویرنر سے ملاقات کی اور پاکستان سے جرمنی تک ہنر مند افراد کی نقل و حرکت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

رامیلو اور ویرنر نے پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان فعال رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو تقویت دینے کے نظریہ کو سراہا اور دونوں اطراف کے باہمی فائدے کو عملی جامہ پہنانے میں مدد کے لیے مربوط لائحہ عمل کے تحت کام کرنے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!