نمائش میں ستر سے زیادہ پاکستانی ایکسپورٹرز شرکت کر رہے ہیں،احمد امجد علی
پاکستانی مصنوعات نہ صرف مشرق وسطی بلکہ اب یورپ اور شمالی امریکہ میں بھی انتہائی مقبول ہو رہی ہیں،مصطفی ہیمانی
دبئی (طاہر منیر طاہر) عراق کے شہر بغداد میں ہونے والی دوسری پاکستانی مصنوعات کی نمائش ۱۵مارچ سے شروع ہوگئی۔ اس نمائش میں پاکستان کے کئی بڑے ایکسپورٹرز اپنی مصنوعات کے ساتھ شرکت کررہے ہیں۔
عراق میں متعین پاکستانی سفیر احمد امجد علی اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ گزشتہ سال ۲۰۲۲ء ہونے والی پہلی پاک عراق نمائش کی شاندار کامیابی اور مقبولیت کی وجہ سے ایک سال سے کم عرصہ میں ہونے والی یہ دوسری نمائش ہے جس میں ستر سے زیادہ پاکستانی ایکسپورٹرز شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اسی حوالے سے نمائشیں منعقد کی جائیں گی تاکہ پاکستان کے برآمدی حجم کو زیادہ سے زیادہ بڑھایاجاسکے۔ انہوں نے اس نمائش میں شرکت کرنے والے تمام پاکستانی صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کامعیار اس قدر بلند رکھیں کہ خریدار ممالک اور اُن کے افراد اِن مصنوعات کے استعمال کے بعد آپ کے ملک کو اچھے نام سے یاد رکھ سکیں۔
انہوں نے پاکستانی ایکسپورٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی پراڈکٹس کے معیار پر اپنی بھر پور توجہ مرکوز رکھیں اور کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔ عمدہ اور اعلیٰ معیار کی پراڈکٹس سے نہ صرف آپ کا کاروبار ترقی کرے گا بلکہ اس سے وطن عزیز پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائرکو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
واضع رہے کہ یہ نمائش عراق میں قائم سفارت خانہ پاکستان، عراقی وزارت خارجہ کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے اور یہ بیرون ملک ہونے والی پاکستانی نمائشوں میں دبئی کے بعد دوسری سب سے بڑی نمائش سمجھی جاتی ہے۔
پاکستان کے معروف صنعتکار اور ہیمانی گروپ کے چیئرمین مصطفیٰ ہیمانی جو کہ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ڈائریکٹر بھی ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان مصنوعات نہ صرف مشرق وسطی بلکہ اب یورپ اور شمالی امریکہ میں بھی انتہائی مقبول ہو رہی ہیں جس کی وجہ پاکستانی مصنوعات کا وہ معیار ہے جس کی بدولت پاکستان کو دیگر ممالک کی منڈیوں میں داخل ہونے کے مواقع مل رہے ہیں۔
یہ نمائش صرف پاکستانی ایکسپورٹرز کے لیے محدود ہےاور انہیں یہ بہت اچھا موقع فراہم کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو عراقی عوام کے لیے پیش کر سکیں لہذا پاکستانی ایکسپورٹرز کو اس موقع سے بھر پور فائدہ اُٹھانا چاہئیے۔ یہ نمائش ۱۵ مارچ سے ۱۹ مارچ تک جاری رہے گی۔