ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے زیر اہتمام سانحہ کارساز کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں مڈل ایسٹ سمیت سعودی عرب کے عہدیداروں اور ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی کا کہنا تھا کہ سانحہ کارساز ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے محترمہ بینظیر بھٹو ایک بہادر اور نڈر خاتون رہنما تھیں وہ پاکستان اپنی قوم کی بہتری کے لئے واپس آئیں مگر ان پر دہشت گردی کا حملہ کرکے ان کو شہید کرنے کی کوشش کی گئی مگر اس حملے میں 177 جیالے شہید ہوئے یہ تمام افراد پاکستانی تھے جو اپنے محبوب لیڈر کے استقبال کے لئے دیگر ہزاروں افراد کے ہمراہ موجود تھے مگر آج بھی ان افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا ہے یہ کیسی ستم ظریفی ہے کہ پاکستان میں ہی سانحہ کارساز جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں اور پاکستان میں سیاسی کارکنان اور سیاسی رہنما ہی دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی شخصیت ہمارے لئے مشعل راہ ہے کہ کیسے اس بہادر خاتون نے تمام تر خطرات جانتے ہوئے بھی پاکستان آنے اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کے لئے الیکشن مہم کا آغاز کیا آخر کار قاتل کامیاب ہوئے اور محترمہ کو شہید کر دیا گیا یہ ہمارے نظام کی ناکامی ہے کہ ملک کی مقبول ترین لیڈر کو دن دیہاڑے دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔
احسن عباسی نے موجودہ حالات پر بھی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے اسکی نااہلی اور ناتجربہ کاری سب پر عیاں ہے مگر اسے مخصوص ہاتھ سہارا دئیے ہوئے ہیں اور ملکی ادارے پہلے سے زیادہ تباہ ہوچکے ہیں معاشی بدحالی کی صورتحال سے غریب عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے اس لئے وزیراعظم عمران خان ملک پر ترس کھائیں اور مستعفی ہوکر گھر چلے جائیں تاکہ ایک صاف اور شفاف الیکشن ہو جو ملک کو درپیش مسائل سے باہر نکال سکے اور عوام کے منتخب نمائندے عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کر سکیں۔
تقریب سے دیگر مقررین میں رانا عدیل، وسیم ساجد، یونس ابوغالب، ریاض راٹھور، چوہدری اختر گجر، ملک عابد اعوان سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں پیپلزپارٹی ایک نظریاتی، سیاسی اور جمہوری جماعت ہے ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین لیڈر تھے جنھوں نے جمہوریت کو فروغ دیا اور ملک کو چلانے کے لئے ایک آئین سے ہمکنار کیا روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر ملک میں غریب عوام کو ان کے حقوق سے روشناس کروایا اور انہیں ان کے حقوق فراہم کیے اسی طرح محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی ملکی سیاست میں اپنے کردار سے ایسے نقوش چھوڑے ہیں جو ہمیشہ ملکی سیاست میں مثال بنے رہیں گے پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان کو جمہوریت اور آئین کے مطابق ڈھالنا چاہتی ہے اور پاکستان کی بقا جمہوریت میں ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت اپنے تمام سیاسی ورکرز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی جدوجہد کو سراہتی ہے اور ہم شہدا کارساز کو سلام پیش کرتے ہیں۔